کراچی/اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر/ا مت نیوز)ضمنی انتخابات کیلئے ووٹ ڈالنے میں بیرون ملک مقیم پاکستانی بازی لے گئے۔رجسٹرڈ ووٹرز کی ریکارڈتعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔شرح 84 فیصدرہی۔دوسری جانب آن لائن ووٹنگ کیلئے بنائی گئی ویب سائٹ پر ہیکرز کے 12 ہزار حملوں کی اطلاعات ہیں ،تا ہم نادرا ترجمان نے اس کی تردید کی ہے۔ ’’امت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے فائق علی نے بتایا کہ ایسا کوئی حملہ نہیں ہوا۔ہیکرز حملے کا دعوی کرنے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا حکام نے چارتہوں پر مشتمل حفاظتی نظام بنایا ہے ۔ ہیکرز نے بیک وقت 12 ہزار سائبر اٹیک کئے تھے ،جو تمام کے تمام ناکام ہوئےاور سات گھنٹے پولنگ کے دوران ایک مرتبہ بھی ویب سائٹ ڈاؤن نہیں ہوئی۔ ادھر الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ لوڈ کے باعث ویب سائٹ سست ہوئی اور ایسا ہونا معمول کی بات ہے۔ ڈائریکٹر آئی ٹی خضر عزیز کے مطابق 6233 سمندر پار پاکستانیوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، انٹرنیٹ ووٹنگ ٹرن آؤٹ 84 فیصد رہا۔ قومی اسمبلی کے لیے 5 ہزار 117انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے ،جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے لیے 1116 انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے۔دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے مرکزی شکایات سیل کا دورہ کیا ،جہاں انہیں ادارے کے ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے بریفنگ دی۔ڈی جی نے بتایا کہ بحرین سے پاس کوڈ سے متعلق شکایت ملی ،جس پر انہیں معلومات فراہم کی گئیں۔