صحافیوں-ایڈیٹراورمیڈیا کارکنوں کیلئے سی پی این ای ہیلپ لائن قائم

0

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کا صحافیوں، ایڈیٹروں اور دیگر میڈیا کارکنوں کے جسمانی تحفظ، ڈیجیٹل سیکورٹی اور ذہنی تناؤ کی شدید صورتحال پر فوری مدد کے لئے سی پی این ای ہیلپ لائن کا اجراء میڈیا میں موجود خوف، غیر یقینی اور عدم تحفظ کی موجودہ صورتحال کے پس منظر میں ایک خوش آئند قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار سی پی این ای کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں کیا گیا، جس میں ایڈیٹروں، مختلف میڈیا تنظیموں کے رہنماؤں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ سی پی این ای کی پروجیکٹس اینڈ پروگرامز کمیٹی کے چیئرمین عامر محمود نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کو قتل، دھمکیوں، ہراساں کرنے، خوف اور ڈیجیٹل عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ اس صورتحال میں سی پی این ای ہیلپ لائن اہم قدم ثابت ہوگا۔سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے کہا کہ اس وقت صحافیوں کی بڑی تعداد کو ہراساں کرنے اور جسمانی تحفظ کے حوالے سے مسائل درپیش ہیں، اور ان کا کوئی پرسان حال بھی نہیں ہے۔ عدم تحفظ کی وجہ سے میڈیا کارکنوں میں ذہنی تناؤ سے متعلق مسائل میں اضافہ ہوا ہے جس کے لئے سی پی این ای ہیلپ لائن انتہائی مددگار ہوگی۔ اس موقع پر سی پی این ای کے سینئر رکن عبدالرحمان منگریو نے ہیلپ لائن کے باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دفتری اوقات میں ہیلپ لائن نمبر111276375 ۔021یا موبائل نمبر 6276375۔0333 کا اعلان کیا۔ قبل ازیں سی پی این ای کی میڈیا سیفٹی اور سیکورٹی کے چیئرمین اکرام سہگل کے نمائندہ لیفٹیننٹ کرنل (ر) عاشق حسین ملک اور محمد انیس دانش نے میڈیا کے اداروں، صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی آگہی فراہم کی جبکہ روبینہ رشید اور عبدالرحیم موسوی نے سی پی این ای کے پروجیکٹس کے حوالے سے شرکاء کو معلومات فراہم کیں۔ پروگرام سے حامد حسین عابدی، کمال صدیقی، غلام نبی چانڈیو، حسن عباس اور عبدالرحمان منگریو نے بھی خطاب کیا۔جبکہ سینئر اراکین اعجازالحق، مقصود یوسفی، عبدالخالق علی، فیصل شاہجہاں، غلام نبی چانڈیو، عدنان ملک، احمد اقبال بلوچ، مظفر اعجاز، شیر محمد کھاوڑ، میاں طارق، بشیر احمد میمن، محمود عالم خالد، سلمان قریشی، محمد طاہر، محمد تقی علوی، سید رضا شاہ، عثمان عارب ساٹی، محمد جعفر جتوئی، ناصر خٹک، زاہدہ عباسی، حمیدہ گھانگھرو اور سدرہ کنول سمیت سی پی این ای کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More