سپریم کورٹ نے خواجہ سراوٴں کو شناختی کارڈز اجرا پر کیس نمٹا دیا
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ نے خواجہ سراوٴں کو شناختی کارڈز کے اجرا پر کام شروع ہونے کے بعد کیس کو نمٹا دیا۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے خواجہ سراوٴں کو شناختی کارڈز کے اجرا سے متعلق کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ خواجہ سراوٴں کو شناختی کارڈ فراہمی کے لیے لا اینڈ جسٹس کمیشن نے اہم کرادر ادا کیا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ سراوٴں کے شناختی کارڈز کے اجرا کا کام شروع ہوچکا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس حوالے سے حکم جاری کرے گی کہ لا اینڈ جسٹس کمیشن کی رپورٹ کو آرڈر کا حصہ بنایا جائے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ صوبائی حکومتیں اس معاملے پر کام جاری رکھیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ان 9 ممالک میں شامل ہے جس نے خواجہ سراوٴں کو شناخت د ی ہے ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے خواجہ سراوٴں کی فلاح کے لیے پالیسی بنائی۔عدالت نے لا اینڈ جسٹس کمیشن کی تعریفیں کرتے ہوئے ازخود نوٹس نمٹا دیا ۔