جنوبی پنجاب صوبہ بنانےکیلئے 7 رکنی انتظامی کونسل قائم

0

اسلام آباد (ایجنسیاں) جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے 7 رکنی انتظامی کونسل بنا دی گئی۔وزیر اعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد کونسل کے قیام کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا جائے گا جبکہ سفارشات کے لیے کابینہ کمیٹی کااجلاس بلانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ تفصیلات کے مطابق مطابق جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے میں پیشرفت کیلئے آئینی ترمیم لانے کے بجائے 7 رکنی انتظامی کونسل بنا دی گئی ہے ۔ایگزیکٹو کونسل بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مشاورت کی گئی اور اس میں جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی کو شامل کیا گیا ہے ۔بہاولپور سے رکن قومی اسمبلی طاہر بشیر چیمہ اس کونسل کے سربراہ ہوں گے۔یاد رہے کہ سابقہ صوبائی اسمبلی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی قرار داد کی اتفاق رائے سے منظور کر چکی ہے ،یہ قرار داد قومی اسمبلی کے ریکارڈ میں موجود ہے ۔دریں اثنا اس معاملے پر سفارشات کی تیاری کے لئے وفاقی کابینہ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیرِ منصوبہ بندی خسرو بختیار پر مشتمل کمیٹی جنوبی پنجاب صوبے کے خدوخال، وسائل کی فراہمی اور صوبہ میں شامل اضلاع کا تعین کرے گی۔ کمیٹی مطلوبہ قانون سازی بھی تجویز کرے گی۔کابینہ کمیٹی اپنی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کرے گی۔ سفارشات کی روشنی میں حکومت صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کیلئے اقدامات کرے گی۔ادھروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر اسحاق خان خاکوانی کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے ضلعی پارٹی صدور نے ملاقات کی۔اس موقع پر پارٹی معاملات اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا جائے گااور ہسپتالوں اور سکولوں کی حالت کو بہتر بنائیں گے۔ موبائل ہیلتھ یونٹس کو بھی جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں بھجوایا جائے گا۔ بجٹ کے بعد صوبائی کابینہ کا اجلاس ملتان میں ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More