کے الیکٹرک کے ستائے عوام نے کورنگی روڈ بند کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کی جانب سے طویل غیر اعلانیہ بجلی بندش کیخلاف عوام نے احتجاجاً کورنگی روڈبند کردیا، جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش پر علاقہ مکین مشتعل ہو گئے اور اتوار و پیر کی درمیانی شب کورنگی چکرا گوٹھ کے قریب جمع ہو کر کورنگی روڈ کو بلاک کردیا۔ اس دوران مظاہرین نے سڑک پر ٹائر نذر آتش کرنے کیساتھ ہنگامہ آرائی بھی کی، جبکہ سڑک کی بندش کی وجہ سے کورنگی کے دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگئی اور بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے بھاری بل بھیجنا اور ان کی وصولی کے نام بدمعاشی کو معمول بنا لیا ہے اور عدم ادائیگی پر بجلی کاٹ بھی دی جاتی ہے، جبکہ لائٹ جانے کی صورت میں فالٹ کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرکے سڑک کھول دی۔