ترکی میں سعودی قونصل خانے کی 9گھنٹے تک تلاشی
انقرہ(امت نیوز) ترک پولیس نے13 روز بعد پیر و منگل کی درمیانی شب استنبول میں واقع سعودی عرب کے قونصل خانے کی 9گھنٹے تک تلاشی لی ۔ عالمی میڈیا کے مطابق ترک پولیس کے داخلے سے چند گھنٹے قبل ہی عملہ صفائی بھی قونصلیٹ میں داخل ہوا۔جمال خشوگی کے معاملے پر امریکی صدر کی دھمکیوں اور ٹرمپ کی شاہ سلمان سے گفتگو کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو منگل کو ہنگامی دورے پر ریاض پہنچ گئے جہاں انہوں نے سعودی عرب کے بادشاہ سلمان ،ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ۔پومپیو ترکی کا دورہ بھی کریں گے۔ترک وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ پومپیو جمال خشوگی کیس کی اہم اطلاعات کے ساتھ انقرہ پہنچ رہے ہیں ۔سی این این کا دعویٰ ہے کہ شاید سعودیہ اپنے خفیہ ادارے کے افسر کے ہاتھوں تفتیش میں جمال خشوگی کی ہلاکت کا اعتراف کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ترکی نے جمال خشوگی کے حوالے سے آڈیو ریکارڈنگ پہلے ہی سعودی عرب اور امریکہ کو فراہم کر چکا ہے ۔ شدید عالمی دباؤ اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی کے امکانات واضح ہونے کے نتیجے میں سعودی کرنسی ریال کی قدر 2برس کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔اسٹاک مارکیٹ منگل کو مزید 3فیصد قدر کھو بیٹھی۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی خصوصی اجازت ملنے کے بعد پیر و منگل کی درمیانی شب ترک پولیس نے استنبول میں سعودی عرب کے قونصل خانہ کی تلاشی لی جو 9گھنٹے تک جاری رہی ۔ اطلاعات کے مطابق پیر کی شب قونصل میں داخل ہونے والے ترک اہلکار کئی دستاویز کے ساتھ سعودی قونصل خانے سے منگل کی صبح باہر نکلے۔ ترک پولیس کے اہل کار قونصل خانے میں مشترکہ تحقیقات کیلئے آنے والے سعودی حکام کے داخلے کے ایک گھنٹے بعد اندر گئے۔ عالمی برادری کے شدید دباؤ و سزا کی امریکی دھمکی سے پریشان سعودی حکومت نے ترک پولیس کواستنبول میں واقع اپنے قونصل خانہ کی تلاشی کا اختیار دیا۔اس سے قبل سعودی عرب کی حکومت نے سطحی نوعیت کی تلاشی کی پیشکش کی تھی جسے ترکی نے مسترد کر دیا تھا ۔عالمی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ترک پولیس حکام کے داخلے سے قبل چند گھنٹے قبل ہی سعودی قونصل خانے میں صفائی کرنے والے عملہ اندر جاتے دیکھا گیا ۔ترک پولیس کے تفتیش کاروں نے منگل کو سعودی عرب کے قونصل جنرل کی رہائش گاہ اور سعودی گاڑیوں کی تلاشی بھی لے لی ہے ۔اردوغان حکومت کے حامی ترک اخبار صباح کے مطابق تفتیش کار لومینل نامی کیمیکل سے تلاشی لینا چاہتے تھے۔ اس کیمیکل سے خون کے نشان تلاش کرنے میں آسانی رہتی ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ ترک اہلکاروں کو لومینل نامی کیمیکل استعمال کرنے اجازت دی گئی تھی یا نہیں۔جمال خشوگی کے معاملے پر سعودی عرب پر عالمی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ ادھر منگل کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ریاض میں سعودی عرب کے بادشاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ پومپیو نے سعودی عرب کے بادشاہ اور وزیر خارجہ کو جمال خشوگی کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا اور معاملے کی تحقیقات کے حوالے سے عزم پر سعودی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔پومپیو سعودی عرب کے بعد ترکی بھی پہنچیں گے جہاں وہ ترک حکام کو تازہ ترین اطلاعات سے آگاہ کریں گے۔ترک وزیر خارجہ مولودچاؤش کا کہنا ہے کہ ابتک سعودی عرب نے جمال خشوگی کے معاملے میں کسی قسم کا اعتراف نہیں کیا ہے ۔ترک صدر رجب طیب اردو غان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ممکن ہے کہ زہریلے مواد کو چھپانے کیلئے جمال خشوگی کے لاپتہ ہونے کے بعد قونصلیٹ پر دوبارہ رنگ و روغن کیا جا چکا ہو۔