سیمنٹ فیکٹریوں نے پانی کھینچ کر چکوال کو برباد کردیا- چیف جسٹس
چکوال(نمائندہ امت)سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ 20روز کے اندر کٹاس راج کے تالاب کو پانی سے بھرنا یقینی بنائے، یہ احکامات چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ از خود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے جاری کیے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کے سیمنٹ فیکٹریوں نے چکوال کا پانی کھینچ کر چکوال کو برباد کردیا ہے۔ سپریم کورٹ نے سیمنٹ فیکٹریوں کی طرف سے پانی کے نرخوں کے بارے دائر کی جانے والے درخواست کو مستردکردیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ پہلے ہی سیمنٹ فیکٹریوں کو غیر قانونی این او سی جاری کرنے اور ان سیمنٹ فیکٹریوں کے دوران کی جانے والی بے ضابطگیوں پر محکمہ انٹی کرپشن پنجاب کو 15روز کے اندر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دے چکے ہیں جس کی وجہ سے پورے ضلع چکوال میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ پنجاب حکومت کی رپورٹ کے مطابق سابق ضلع ناظم، تحصیل ناظم، سیکرٹری صنعت،ڈی جی معدنیات اور ڈی سی او چکوال ان این او سی جاری کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔