لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) زینب قتل سمیت 12 بچیوں کے قاتل عمران کو پھانسی دیدی گئی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شیخ سجاد احمد کی جانب سے قصورکی 7 سالہ زینب قتل کیس سمیت 12 بچیوں کے قاتل عمران کے بلیک وارنٹ جاری کیے گئے تھے جس کے بعد عمران کوکوٹ لکھپت جیل میں بدھ کو علی الصبح پھانسی دیدی گئی۔زینب کے قاتل کو کوٹ لکھپت سینٹرل جیل میں مجسٹریٹ عادل سرور اور زینب کے والد محمد امین کی موجودگی میں پھانسی دی گئی۔مجرم عمران کو پھانسی کے بعد زینب کے والد نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ دیے گئے وقت پرمجرم کو لٹکایا گیا، مجرم کے ورثا کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوئی، مجرم کے چہرے پر ندامت نہیں تھی، میں نے آنکھوں کے سامنے مجرم کو انجام پر پہنچتے دیکھا اوردرندہ بے خوف ہو کرتختہ دار تک آیا۔زینب کے والد نے کہا کہ مجرم آدھا گھنٹہ تختہ دارسے لٹکا رہا، جو بھی ایسا فعل کرے اس کا یہ انجام ہونا چاہیے جب کہ سکون اللہ کی ذات نے دینا ہے۔