افسران-عملے میں گروپ بندی سے سول ایوی ایشن اتھارٹی میں کام ٹھپ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول ایوی ایشن اتھارٹی میں افسران اور عملے میں گروپ بندی کے باعث ادارے کا کام ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ سابقہ اعلیٰ انتظامیہ کے منظور نظر افراد موجودہ افسران کے خلاف ریشہ دوانیوں میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے معمول کے کاموں میں بھی افسران و عملے کی دلچسپی ختم ہوگئی ہے، جبکہ نئے پروجیکٹس پر بھی کوئی پیش رفت نہیں ہورہی۔ سابق افسران کی بدعنوانیوں کو تحفظ دینے کیلئے اہم فائلوں کو غائب کیا جارہا ہے۔ و اضح رہے کہ چند ہفتے قبل سی اے اے کے 2 اہم ڈائریکٹوریٹس ہیومن ریسورسز اور کمرشل سے بالترتیب سمیر سعید اور صادق سلیمان کا تبادلہ کرکے ثمر رفیق اور القرا عتیق کو بطور ڈائریکٹر ایچ آر اور ڈائریکٹر کمرشل تعینات کیا گیا ہے۔ سمیر سعید کو سی اے اے میں انجینئربھرتی ہونے کے باعث ان کے اصل ٹریڈ میں بطور ڈائریکٹر انجینئرنگ تعینات کیا گیا ہے اور صادق سلیمان کو اسلام آباد پروجیکٹ کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ نئے ڈائریکٹر ایچ آرثمر رفیق آئندہ اگست کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے اور اس کے بعد سمیر سعید کا بطور ڈائریکٹر ایچ آر تعیناتی خارج از امکان نہیں، جس کی وجہ سے افسران اور عملے کے افراد نئی انتظامیہ کیساتھ کام کرتے ہوئے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں کیونکہ نئے انتظامی سیٹ اپ کے مخالف سمیر سعید نے حالیہ تعیناتیوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے اور وہ اپنی سابق پوسٹ پر آنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، جو افسران اور عملے کے افراد موجودہ سیٹ اپ میں کیساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں، انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ پرانے ڈائریکٹر جلد ہی واپس آجائیں گے جس کے بعد ان سے نمٹا جائے گا۔