محسود کی کامیابی بہادرآباد گروپ کیلئے طمانچہ ہے۔آفاق احمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مہاجرقومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے عامر خان سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا متحدہ سے کبھی کوئی تعلق رہا اور نہ ہی کبھی ہوسکتا ہے۔مہاجر عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ اتحاد کی بات کی ہے اور اس سلسلے میں مہاجر سیاست سے وابستہ تنظیموں کے ساتھ بھی بیٹھنے کو تیار ہوں۔مہاجر موومنٹ کسی میں ضم ہورہی ہے۔مہاجر علاقوں سے محسود کی کامیابی بہادرآباد گروپ کے لیے طمانچہ ہے۔گروپ اپنی گرتی ساکھ بچانے کے لیے جھوٹی خبریں چلا رہا ہے۔میڈیا من گھڑت خبریں چلانے سے گریز کرے۔ انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ دھڑوں میں اختلافات پر میں نے فاروق ستار کو پی ٹی آئی میں جانے سے روکا تھا، کیونکہ تحریک انصاف کبھی مہاجروں کی ہمدرد نہیں ہوسکتی ۔انہوں نے کہا کہ پہلے عام انتخابات اور بعد میں ضمنی انتخاب میں ناکامی پر کارکنان بہادر آباد گروپ چھوڑ رہے ہیں۔اس صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے میری اور عامر خان کے ملاقات کا ڈرامہ کیا گیا۔اگر بہادرآباد والوں نے مہاجر عوام کیلئے کچھ کیا ہوتا تو شاید یہ وقت ہی نہ آتا۔ آفاق احمد نے مزید کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ سے متحدہ نکلی ہے۔اس لیے جس کو واپس آنا ہے۔وہ مہاجر موومنٹ میں آجائے۔متحدہ چاہتی تو مارٹن کوارٹر ، جمشید روڈ سمیت دیگر علاقوں کے متاثرین کا مسئلہ ایک دن میں حل ہوسکتا ہے۔میں نے مخالفت برائے مخالفت کی سیاست نہیں کی۔چیئرمین مہاجر موومنٹ نے الطاف سے متعلق سوال پر کہا کہ اگر الطاف حسین پاکستانی پاسپورٹ پر واپس آتے ہیں اور انہیں سرکاری ایجنسیاں کلیئر کردیتی ہیں اور واپس آکر وہ مہاجر قومی موومنٹ کو بحال کرتے ہیں تو ہم انکی پارٹی انکے حوالے کردیں گے۔