شہادۃ العالمیہ کی جعلی ڈگری پر لیگی ایم پی اے نااہل
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن خیبرپختون اسمبلی ضیاء الرحمان کوشہادۃ العالمیہ کی ڈگری جعلی ہونے پر نااہل قرار دے دیا۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے پی کے 30سے رکن اسمبلی ضیاء الرحمان کی جعلی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ضیاء الرحمان عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس پاکستان نے ان سے پوچھا کہ آپ نے کون سے مدرسے سے کون سا نصاب پڑھا ہے؟ ضیاء الرحمان نے بتایا کہ میں نے حدیث اور فقہ پڑھا ہے، اس پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہمیں کوئی سی پانچ احادیث عربی میں سنادیں لیکن (ن) لیگی رکن اسمبلی ایک بھی حدیث نہ سناسکے جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ نے 1996میں میٹرک کیا اور اسی سال مدرسے کا کورس کیا، یہ کیسے ممکن ہے؟ مدرسے کے مہتمم نے بھی بتایا کہ آپ نے وہاں سے کوئی کورس نہیں کیا۔چیف جسٹس نے ضیاء الرحمان سے مکالمہ کیا کہ خدا کے لیے اپنی عمر کا لحاظ کریں، آپ کو اپنی عزت کا ہی خیال نہیں، سولہ سال میں میٹرک بھی کیا اور شہادت العالمیہ بھی کر لیا۔عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ضیاء الرحمان کی ڈگری جعلی قرار دے کر انہیں نااہل کردیا۔