فواد حسن فواد کی گرفتاری پر نیب کو 24 اکتوبر تک جواب کی مہلت
لاہور(امت نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں فواد حسن فواد کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر نیب کی جانب سے جواب داخل کروانے کے لیے مہلت کی استدعا منظور کر لی گئی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فواد حسن فواد کا آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکینڈل سے کوئی تعلق نہیں،نیب نے ٹھوس شواہد کے بغیر انہیں گرفتار کیا، نیب آرڈیننس کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے،فواد حسن فواد کا جیل میں علاج بھی نہیں کروایا جا رہا، لہذا ان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔پراسیکیوٹر نیب نے عدالت سے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت مانگی۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔