ڈہرکی میں بھی طلبہ سے زیادتی کا گروہ متحرک- 2 گرفتار
ڈہرکی (نمائندہ امت) ڈہرکی میں کمسن طلبہ کے ساتھ زیادتی کرنے والا گروہ متحرک ہو گیا۔ بدفعلی کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی جاتی تھیں۔ گروہ کا سرغنہ نجی اسکول کا ٹیچر نکلا۔ پولیس نے 2 ملزم گرفتار کر لئے ، جبکہ سرغنہ گھر خالی کر کے فرار ہو گیا۔ تصاویر اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خوفزدہ والدین بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریز کرنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق ڈہرکی میں اسکول کے طلبہ کے ساتھ زیادتی کرکے فحش ویڈیو ریکارڈ کرنے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔ گروہ کا سرغنہ بھی نجی اسکول کا ٹیچر نکلا۔ اس سلسلے میں 15روز قبل سانکو کے نجی اسکول کے ٹیچر ساجد آرائیں نے چھٹی کلاس کے معصوم طلبہ 10سالہ بلال ولد حضور بخش مزار کے بیٹے کے ساتھ زیادتی کرکے موبائل فون سے ویڈیو ریکارڈ کی تھی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر کے بعد ڈہرکی پولیس حرکت میں آگئی اور خفیہ اطلاع پر گروہ کے 2ملزمان عباس آرائیں اور ستار آرائیں کو چھاپے کے دوران گرفتار کرلیا ہے، جبکہ گروہ کا سرغنہ ساجد آرائیں گھر خالی کرکے فرار ہوگئے ہیں۔ ڈہرکی پولیس نے معصوم بچے کے بھائی اللہ ڈتو مزاری کی مدعیت میں 3 ملزمان ساجد آرائیں، عباس آرائیں اور ستار بھٹی کے خلاف ایف آئی آر نمبر 186/2018تحت درج کرلی ہے، رابطہ کرنے پر بچے کے بھائی اللہ ڈتو مزاری نے بتایا کہ مذکورہ ملزمان نے میری چھوٹے بھائی بلال مزار کو جھانسہ دے کر ایک جگہ پر کر زیادتی کرکے ویڈیو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کر دی ہے، جس کی وجہ سے ہماری بہت بدنامی ہو رہی ہے۔ دوسری طرف رابطہ کرنے پر ایس ایچ او قابل بھیو نے بتایا کہ تحقیقات کر رہے ہیں اگر ملزمان ایسی غلط حرکت میں ملوث نکلے تو سخت سزا ملے گی۔ ادھر ایسی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بچوں اور والدین میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور وہ بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریز کرنے لگے۔ آخری اطلاعات تک سرغنہ کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری تھے۔ واضح رہے کہ اوباڑو میں بھی اسی طرح کا گروہ سرگرم ہے۔