اخبارات کو ادائیگیوں کا نظام شفاف ہوگا- سیکرٹری اطلاعات سندھ

0

کراچی (پ ر)سیکرٹری محکمہ اطلاعات سندھ عبدالرشید سولنگی نے کہا ہے کہ سندھ کے محکمہ اطلاعات میں بدعنوانی سے پاک ماحول کی داغ بیل ڈالی جا چکی ہے۔ اب سندھ کے سرکاری اشتہارات کی تقسیم نہایت ہی عادلانہ اور منصفانہ انداز سے کی جائے گی جبکہ اخبارات کو ادائیگیوں کا نظام بھی فوری ، شفاف اور منصفانہ ہوگا۔ سی پی این ای کی جانب سے سرکاری اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور ادائیگیوں کے طریقہ کار کی نگرانی کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا۔ محکمہ اطلاعات سی پی این ای کی تجاویز پر غور اور عمل کرے گی۔ یہ اعلان سندھ کے محکمہ اطلاعات کے سیکریٹری عبدالرشید سولنگی نے جمعہ کو سی پی این ای کی سندھ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی محکمہ اطلاعات سندھ کے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز منصور احمد شیخ اور ڈائریکٹر اشتہارات ذوالفقار شاہ بھی موجود تھے۔ عبدالرشید سولنگی نے یقین دلایا کہ اخبارات کے پرانےبقایاجات کی جلد ادائیگی کو بھی ممکن بنایاجائےگااورہر مہینے باقاعدگی سے اخبارات کے موجودہ واجبات کی بھی ادائیگی کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے سی پی این ای اور محکمہ اطلاعات سندھ کے افسران پر مبنی خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا بھی اعلان کیا جو اخبارات کو سندھ کے سرکاری اشتہارات کی تقسیم اور ان کی ادائیگیوں کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اشتہاری ایجنسیوں کی وساطت سے جاری کئے جانے والے اشتہارات کی ادائیگیاں اخبارات کو براہ راست کی جائیں گی۔ قبل ازیں سندھ کمیٹی کے اجلاس کے دوران سندھ بھر کے اخبارات کے مدیران نے سیکریٹری اطلاعات سندھ کو اخبارات و جرائد کے مالی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات کے کئی سالوں کے بقایاجات کی عدم ادائیگی کے باعث اخباری اداروں میں شدید مالی بحران پیدا ہو گیا ہے جس سے ہزاروں صحافی اور اخباری کارکنان بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اجلاس میں سی پی این ای کی سندھ کمیٹی کے ڈپٹی چیئرمین غلام نبی چانڈیو، سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک، سینئر اراکین اعجازالحق، عامر محمود، قاضی اسد عابد، حامد حسین عابدی، عدنان ملک، انور ساجدی، طاہر فاروق، شیر محمد کھاوڑ، عبدالخالق علی، عبدالرحمان منگریو، محمد طاہر، مظفر اعجاز، احمد اقبال بلوچ، محمد یونس مہر، رفیق احمد پیرزادہ، میاں طارق جاوید، عثمان عارب ساٹی، فیصل شاہجہاں، صحبت برڑو، محمد جعفر جتوئی، بشیر احمد میمن، رضا شاہ، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی،قاضی شہمیر، عامر خٹک، طارق عزیز، زاہدہ عباسی، حسینہ جتوئی، سدرہ کنول اور مہرالنساء جلیل سمیت کثیر تعداد میں سی پی این ای کے اراکین نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More