اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر۔مانیٹرنگ ڈیسک) جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں جمعہ کی شام زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا ہو گیا اور لوگ استغفار کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ ماہرین کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.2 تھی ۔ جڑواں شہروں کے علاوہ پشاور، چترال، سوات سمیت ملک کے شمال مغربی حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان کے علاقے گورنو بدخشاں خودمختار ریجن کے علاقے اخبے تال میں چینی بارڈر کے قریب پہاڑی علاقے میں 137 کلومیٹر کی گہرائی میں بتایا جاتا ہے، جو اسلام آباد سے شمال میں تقریباً 400 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ علاقہ اکثر زلزلوں کی زد میں رہتا ہے۔دریں اثنانجی ٹی وی کے مطابق زلزلے کے وقت وزیرِاعظم پارٹی اجلاس کی اہم صدارت کر رہے تھے۔اس موقع پر سیکیورٹی پر مامور اہلکار بریفنگ روم میں پہنچے اور عمران خان سے باہر آنے کی درخواست لیکن انہوں نے باہر جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جاؤں گا، وہاں پر بھی زلزلہ ہی ہو گا۔ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم نے اجلاس جاری رکھا اور کہا کہ اب زلزلہ آ رہا ہے تو کیا کر سکتے ہیں۔ پارٹی رہنما زلزلہ اٹھے لیکن وزیرِاعظم کو بیٹھا دیکھ کر دوبارہ نشستوں پر براجمان ہو گئے۔