کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاری میں پانی کے شدید بحران پرمشتعل علاقہ مکین ماڑی پور روڈ پر آگئے، مظاہرین کے دھرنے سےبد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں کئی ماہ سے پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ماڑی پور روڈ پر جمع ہوگئے، اس دوران مظاہرین نے سڑک پر ٹائر نذر آتش کرنے کیساتھ رکاوٹیں بھی لگا دیں، جس کے نتیجے میں سڑک پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور اطراف کی سڑکوں و علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔ احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مظاہرین کو منتشر کرکے سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی۔