پاکستان علاقائی امن کیلئےکردار ادا کرتا رہیگا-آرمی چیف
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن واستحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرآرمی چیف نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن واستحکام کے لئے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔قطری نائب وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔واضح رہے کہ قطری نائب وزیر اعظم نے گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے ملاقات میں وزیر اعظم نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے تمام اقتصادی شبعوں خصوصاً لائیو اسٹاک اور زراعت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ قطر جلد اپنے فیصلے کو حتمی شکل دے گا جس کے تحت ایک لاکھ پاکستانی افرادی قوت کو قطر میں ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔