آئل ٹینکرز مالکان میں پھوٹ پڑ گئی – ہڑتال ناکام رہنے کا امکان

0

کراچی (رپورٹ:عظمت علی رحمانی )آئل ٹینکر مالکان اتوار کی ملک گیر ہڑتال کے معاملے پر2 گرپوں میں بٹ گئے۔ ایک گروپ نے پرانی گاڑیاں چلانے کی اجازت ملنے پر ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کردیا، جس کے باعث ہڑتال کی ناکامی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے سی پیک کے تناظر میں پی ایس او میں گاڑیاں چلانے پر پابندی کا اعلان کیا گیا تھا۔ اوگرا نے آئل کمپنیوں کو پرانی کی جگہ نئی گاڑیاں چلانے کیلئے مہلت دی تھی، تاہم اس دوران بعض ایسے ٹرانسپورٹرز نے سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا، جن کی یا تو گاڑیاں کم تھیں یا قسطوں کی گاڑیاں چلائی جارہی تھیں، ان میں سب سے زیادہ شدید تحفظات کا اظہار ٹھیکیداروں کی جانب سے کیا گیا تھا، جس پر آئل ٹینکرزاونرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے مذاکرات ہوئے تھے، جس کے بعد متعدد معاملات طے پا گئے تھے، جسکی وجہ سے بعض ٹرانسپورٹرز نے اوگرا کی ڈیمانڈ کے مطابق نئی گاڑیاں پی ایس او کیساتھ چلانا شروع کردی تھیں جبکہ پی ایس او سے نکلنے والی بعض پرانی گاڑیوں کے مالکان نے اپنی گاڑیاں واٹر ٹینکرز میں چلانا شروع کردی ہیں، تاہم اب بعض ٹرانسپوٹرز نے پی ایس او اور اوگرا کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ آئل ٹینکر اونر ایسوسی ایشن کے دوسرے دھڑے نے ہڑتال سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے گاڑیاں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن(یوسف شاہوانی گروپ) نے ملک بھر میں سپلائی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اتوار سے ملک بھر میں سپلائی بند کرینگے۔ ایسوسی ایشن کے رہنما شمس شاہوانی کا کہنا ہے کہ ہم نے بارہا مطالبات حکومت کے سامنے رکھے لیکن ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مطالبات کیلئے حکومت کو دی گئی 10 روز کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے اور ہمارے مسائل جوں کے توں ہیں، اس لئے اب اتوار سے ملک بھر میں تیل سپلائی بند کردینگے۔ دوسری جانب چیئرمین آئل ٹینکرز اونرایسوسی ایشن اسلم نیازی کا کہنا ہے کہ بعض ٹرانسپوٹرز نے اوگرا سے مذاکرات کئے، جس کے ہم ذمہ دار نہیں ہیں، پرانی گاڑیوں کے مالکان نے کمپنیوں کیساتھ برسوں کا م کیا ہے اور ہماری گاڑیاں چلیں گی۔ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات عبداللہ ہمدرد کا کہنا ہے کہ ٹرانسپوٹرز کی اکثریت ہڑتال نہیں کرے گی، اس میں ان کا ہی نقصان ہے، اوگرا کیساتھ مذاکرات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More