شہر کا سب سے بڑاحلقہ – جہاں سے 2شخصیات صدر مملکت بنیں
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) این اے 247 کراچی کا سب سے بڑا حلقہ ہے ۔جہاں سے الیکشن لڑنے والے 2 امیدوار صدر مملکت منتخب ہو ئے ۔سابق صدر ممنون حسین نے 2002 میں اس حلقے سے الیکشن لڑا ، موجودہ صدر عارف علوی 2013 اور 2018 میں اس حلقے سےمنتخب ہوئے ۔ ماضی میں مذکورہ حلقے سے اہم سیاسی شخصیات رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں ،جن میں مولانا ظفر احمد انصاری ، ایئر مارشل (ر)اصغر خان اور عبد الستار افغانی شامل ہیں ۔تفصیلات کے مطابق این اے 247 ڈیفنس، کلفٹن، دہلی کالونی ، کراچی کینٹ، صدر، سول لائنز، برنس روڈ ، کھارادر، لائٹ ہاؤس، کالا پل، گورا قبرستان پر مشتمل اور شہر کا سب سے بڑا قومی حلقہ ہے۔اس حلقے سے انتخابات میں حصہ لینے والے 2 امیدوار صدر پاکستان منتخب ہوئے ،جن میں سابق صدر ممنون حسین اور موجود ہ صدر ڈاکٹر عارف علوی شامل ہیں ۔ ممنون حسین نے 2002 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر حصہ لیا ،تاہم کامیاب نہ ہو سکے تھے۔ بعد ازاں وہ صدر پاکستان کے منصب پر فائز رہے ۔ڈاکٹر عارف علوی نے 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر اس حلقے سے الیکشن لڑا اور بالترتیب 77 ہزار 659 اور 90 ہزار 907 ووٹ لے کر منتخب ہوئے ۔حالیہ انتخابات میں کامیابی کے بعد صدر مملکت منتخب ہونے پر عارف علوی نے نشست چھوڑ دی تھی ۔1970 میں قومی اسمبلی کے اس حلقے کا نمبر کراچی VIاین ڈبلیو 133 تھا جہاں سےبطور آزاد امیدوار مولانا ظفر احمد انصاری منتخب ہوئے ،1977 میں پی این اے کے امیدوار ایئر مارشل(ر) اصغر خان نے اس حلقے سے کامیابی حاصل کی ۔ 1977 میں اس حلقے کا نمبر این اے 190 تھا، 1988 اور 1990 میں سید طارق محمود اس حلقے سے کامیاب ہوئے ۔ اس وقت حلقے کا نمبر این اے 191 تھا ۔ طارق محمود نےبطور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لیا۔ بعد ازاںوہ ایم کیو ایم میں شامل ہو گئے ۔1993 اور 1997میں مذکورہ نشست پر مسلم لیگ ن کے کیپٹن حلیم احمد صدیقی منتخب ہوئے ۔ 2002 میں مذکورہ نشست کو این اے 250 کا نام دیا گیا جہاں سے سابق میئر کراچی عبدالستار افغانی نےمجلس عمل کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی ، تاہم ان کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم کے کیپٹن اخلاق حسین منتخب ہوئے ۔ 2008 میں متحدہ کے ٹکٹ پر سابق نائب ناظمہ خوش بخت شجاعت رکن اسمبلی منتخب ہوئیں ، جبکہ 2013 اور بعد ازاں 2018 میں پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عارف علوی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔