زرداری نے گرینڈ الائنس کا اشارہ دے دیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی نااہلی کم وقت میں سامنے آگئی، تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر حکومت کی ناکامی سے متعلق قرار داد پیش کرنی چاہیے،جبکہ نوازلیگی رہنمامشاہداللہ نے کہا ہے کہ جلد اتحاد بنتادیکھ رہاہوں ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زداری نے کہا کہ عمران خان پرائم منسٹر سلیکٹ ہیں، نہ یہ حکومت چل سکتی ہے اور نہ ملک چلا سکتی ہے لہٰذا تمام سیاسی جماعتیں حکومت کیخلاف قرارداد لائیں۔ اصولی فیصلہ کرناہوگا کہ ہم کس سمت جارہے ہیں، وزیراعظم سلیکٹ نہ ہوتا تو کوئی بات ہوتی۔ مجھے این آر او سے کوئی فائدہ نہیں ہوا، آج جو کیس میں بھگت رہا ہوں وہ نواز شریف کا ہی بنایا ہوا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) گھر کے نوکروں کو بھی بلا کر تحقیقات کررہے ہیں، سابق صدر پرویزمشرف کے دور میں بھی ایسے ہی حالات کا سامنا رہا تھا۔ایک سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ چیئرمین نیب کو برا بھلا نہیں کہا بلکہ ان کی سوچ اور طریقہ کار پر تنقید کرتا ہوں،انہوں نے چئیرمین نیب کا نام لیے بغیر کہا کہ انسان کے پاس جب کرسی آجاتی ہے تو اس کے انداز بدل جاتے ہیں، میرے پاس بھی عہدہ صدارت تھا، لیکن میں نے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو دیے۔انہوں نے این آر او کے حوالے سے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے دور میں قائم کیے گئے مقدمات آج بھی بھگت رہا ہوں اور نواز شریف کو ہماری پالیسی پسند نہیں آئی۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے این آر او سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا،ایم کیو ایم والوں نے اس کے ثمرات سمیٹے اور شاید نواز شریف کو بھی فائدہ پہنچا ہوگا۔دریں اثنا آصف زرداری کی پریس کانفرنس کے بعد ن لیگ کی صفوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی اتحاد جلد بنتا دیکھ رہا ہوں، مشترکہ مقاصد کا حصول باہمی اتحاد سے ہوتا ہے،مقاصد حاصل ہوجائیں تو اتحاد ٹوٹ بھی جاتے ہیں۔