پاکستانی سماجی کارکن سلمان صوفی کومدر ٹریسا ایوارڈ مل گیا
ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)انٹر نیشنل پبلک پالیسی اینڈ جینڈر ریفارمز اسپیشلسٹ پاکستانی سماجی کارکن سلمان صوفی کو ممبئی میں ایک پروقار تقریب کے دوران مدر ٹریسا ایوارڈ سے نواز ا گیا ۔یہ ایوارڈ انہیں ہار منی فاونڈیشن اور مشنز آف چیریٹی کی جانب سے اس لیے دیا گیا کیونکہ گزشتہ4 سال سےوہ پاکستان میں خواتین کو با اختیار کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔سلمان صوفی نے یہ ایوارڈ تشدد کا شکار خواتین کے نام کردیا ۔سلمان کے ساتھ ساتھ نوبیل انعام یافتہ شیریں عبادی ،نو بیل انعام یافتہ توکل کامران ،نو بیل انعام یافتہ نادیہ مراد،افغان خاتون اوّل رولا غنی اور دیگر عالمی شخصیات کو بھی اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔تقریب میں مہیش بھٹ ،ابراہیم متھائی اور رضوان مرچنٹ سمیت کئی بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سلمان صوفی نے مدر ٹریسا اور تشدد کا شکار خواتین کو خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت جیسے معاشرے میں عورت کا مقام بہت کم ہے ،دونوں ملکوں کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کرناہو گا۔سلمان صوفی نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے لائے جانے والے ریفارمز اور ان کی جانب سے دی جانے والی سپورٹ کو بھی تسلیم کیا ۔