سوات میں آپریشن کے11برس بعد انتظامی اختیارات سول حکام کے حوالے

0

سوات(نمائندہ امت)سوات میں آپریشن کے گیارہ سال بعدپاک فوج نے انتظامی اختیارات کو انتظامیہ کے حوالے کردیا ،پاک فوج کے بریگیڈیئر نسیم نے انتظامی اختیارات کے نشان کو کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیر الاسلام اور سیکورٹی انتظامات کے نشان کو ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن سعید وزیر کے حوالے کردیا گیا ،کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد نے حوالگی کی یادگار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے حوالے کی ،اس حوالے سے ایک پروقار تقریب سیدوشریف ایئرپورٹ پر منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان، آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین اور جی او سی سوات میجر جنرل خالد سعید،صوبائی وزراء اور ممبران اسمبلی سمیت سول اورفوجی حکام اور عمائدین علاقہ کی کثیرتعدادنے بھی شرکت کی ،تقریب کے دوران پاک فوج ،پولیس اور ایف سی کے چاق وچوبند دستوں نے پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ فوجی بینڈ نے بھی سماں باندھ لیا ۔ کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے اپنے خطاب میں کہاہے کہ وادی سوات کی عوام نے انتہائی بھیانک حالات کا سامنا کیا، 35لاکھ افراد نے ہجرت کی ،پاک فوج نے چار مہینوں میں دہشت گردوں کا صفایا کیا اور پھر حکومت سے ملک کر عوام کی آباد کاری کی گئی، یہاں کے غیور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا انکا مزید کہنا تھا کہ وادی میں امن لوٹ چکا ہے اور ترقی کا سفر جاری ہے آج کے بعد بنیادی ذمے داری انتظامیہ اور پولیس کی ہوگی، سرحدات کا تحفظ پاک فوج کریگی اورخطرات کے پیش نظر پاک فوج اور دیگر ادارے چوکنا رہیں گے،انہوں نے کہاکہ پاک افغان سرحد پر خار دار تار لگا کر محفوظ کیا جارہا ہے تاکہ بارڈر کے اُس پار چھپے دہشت گردوں کی عزائم کو ناکام بنایا جاسکے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے جو مظالم ڈھائے اس کا عینی شاہد ہوں، ادارے تباہ اورخواتین پر پابندیاں لگائی گئیں،پاک فوج نے عوام کے تعاون سے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کردی، سوات میں مکمل امن قائم ہوچکا ہے اورہمارے ادارے ہرقسم کے حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں، انتظامیہ کے ہاتھوں سیکورٹی انتظامات مضبوط ہوں گے،نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا مقصد نہ صرف بے گھر لوگوں کو اپنا گھر فراہم کرنا ہے بلکہ اس منصوبے سے ہزاروں بیروزگار افراد کو روزگار بھی ملے گا یہ اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے جس سے کم آمدنی والے افراد مستفید ہوسکیں گے ،وزیراعظم عمران خان نے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے اس میگا رہائشی منصوبے کا اعلان کرتے وقت قوم کو یہ بھی یقین دلایا ہے کہ وہ ملک کو موجودہ مشکل صورتحال سے سرخرو ہوکر نکالیں گے طویل عرصہ باریاں لینے والے بد عنوان اور کرپٹ حکمرانوں کا سیاسی جنازہ نکل چکا ہے ، ظالم حکمرانوں نے عوام کو سبز باغ دکھا کر خوب لوٹ مار کی اور یہ لوٹی دولت مختلف گمنام ذرائع سے بیرون ملک منتقل کی اب کوئی بھی فورم اسے ظاہر کرنے سے قاصر ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک دہائی قبل اس خوبصورت وادی پر ملک دشمن عناصر نے قبضہ کر لیا تھا دہشت گردوں نے ہمارے معصوم عوام پر جو مظالم ڈھائے وہ اسکے بذات خود عینی شاہد ہیں یہ سوات کے عوام کیلئے سیاہ ترین دور تھا مگر ان کا حوصلہ اور سوات کو پر امن بنانے کا عزم مثالی رہا محمود خان نے اعتراف کیا کہ پاک فوج نے نہ صرف شدت پسندوں کو مار بھگایا بلکہ سوات کے عوام کی فلاح و بہبود میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا دہشت گردی میں ہونے والی تباہی کے بعد پاک فوج نے اپنی مدد آپ کے تحت یہاں تعمیر نو کا کام شروع کیاوزیراعلیٰ نے کہا کہ اب حالات کافی بہتر ہیں پولیس کی نفری بڑھ چکی اور اسکی بہترین تربیت بھی ہوچکی ہے اسی طرح سوات کی سول انتظا میہ نے گزشتہ چند برسوں میں یہاں کا نظام احسن طریقے سے چلایا ہے اور اب وہ پورے اعتماد سے کہہ سکتے ہیں کہ سوات ان کے ہاتھوں میں نہ صرف محفوظ ہے بلکہ دن دگنی رات چگنی ترقی کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More