ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے بجائے سعودیہ سے قرض لینے کا خواہشمند ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب روانگی سے قبل برطانوی نیوز ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا ۔وزیر اعظم عمران خان وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری،چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف،مشیر تجارت عبدالزاق داؤدپر مشتمل وفد کے ہمراہ 2روزہ دورہ پر سعودیہ پہنچ گئے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ سود ادائیگی کی وجہ سے پاکستانی معیشت مشکلات کا شکار ہے اس لیے ہمیں سعودی قرضوں کی اشد ضرورت ہے۔دوست ممالک یا آئی ایم ایف سے قرض لیے بغیرکوئی چارہ نہیں۔پاکستان کو تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔ ہمارے پاس 3ماہ سے زیادہ کے زرمبادلہ ذخائرنہیں ہیں ۔سعودی صحافی جمال خشوگی کے معاملے پر تحقیقات کے نتائج کا انتظار ہے ،امید ہے کہ ذمہ داروں کو سزا ملے گی ۔خشوگی کے قتل کے باعث سعودی عرب کی مخالفت نہیں کرسکتے۔موجودہ صورتحال میں امہ کو اتحاد کی ضرورت ہے اور وہ کسی تنازع کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ ریاض و تہران تحفظات دور کرنے کیلئے مذاکرات کریں ۔ پاکستان مصالحتی کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ امریکا ایران پر پابندیاں ختم کرے۔