قتل کا حکم سعودی ولی عہد نے دیا تھا- امریکی ارکان کانگریس
واشنگٹن (امت نیوز) امریکہ کی دونوں بڑی جماعتوں ری پبلکن و ڈیموکریٹک پارٹی نے ولی عہد محمد بن سلمان کو جمال خشوگی کی ہلاکت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کو سزا بھگتنے کی دھمکی دی ہے۔ امریکی سینیٹ کی خارجہ کمیٹی کے سربراہ باب کروکر نے سی این این کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ جمال خشوگی کے قتل کا حکم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دیا تھا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے ہی خشوگی کو قتل کرایا ہے تو اُنہوں نے اپنی حد پار کرلی ہے اور اب ان کو اس اقدام کی سزا اور قیمت چکانا ہوگی۔ میں کوئی فیصلہ نہیں سنا رہا، تاہم میرا خیال ہے کہ قتل اُنہوں نے ہی کرایا ہے۔ ری پبلکن سینیٹر رینڈپال کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ سعودی ولی عہد ہی قتل میں ملوث ہیں۔ ڈیموکریٹ سینیٹر ڈک ڈربن کا کہاہے کہ خشوگی کے قتل کے اشارے سعودی ولی عہد کی طرف جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ری پبلکن سینیٹر ٹام ٹیلس نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اگر تحقیقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کسی بھی اعتبار سے ملوث نکلے تو پھر امریکہ کیلئے سعودیہ سے قریبی تعلقات برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔