6دکانیں مسمار-غیر قانونی بچت بازار ختم-4گرفتار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسدادتجاوزات عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے غیر قانونی6 دکانیں اور 40دکانوں کے چھجے مسمار کردیئے۔کورنگی میں غیر قانونی بچت بازار ختم کروادیا گیا ہے۔ ایمپریس مارکیٹ میں مزاحمت کرنے پر 4افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔تمام آپریشن ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی کی نگرانی میں کئے گئے ۔منگل کے روز انسداد تجاوزات عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے لاکھوں روپے مالیت کا سامان ضبط کرکے اسٹور کردیا۔ ناظم آباد ملت پارک کے اطراف کارروائی کرکے کیبن،پتھارے اور فرنیچر کا سامان ضبط کیا گیا۔مذکورہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر مسرور اور علاقہ پولیس کی نگرانی میں کی گئی ۔ ناظم آباد بلاک کے میں فٹ پاتھ پر قائم غیر قانونی دکانیں بھی مسمار کردی گئیں ۔ اس کے علاوہ فٹ پاتھ پر قائم کھانے پینے کے اسٹالز ،کیبن ،پتھارے،گنے کی مشینیں بھی ضبط کرلی گئیں ۔ مذکورہ کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ارشد اختر سمیت اسسٹنٹ کمشنر اور علاقہ پولیس بھی شریک تھی۔ صدر ایمپریس مارکیٹ میں حدود سے باہر آنے والی دکانیں مسمار کردی گئیں ، جبکہ دکانوں کے چھجے بھی گرادیئے گئے۔ مزاحمت کرنے پر4افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جانوروں کے پنجرے اور دیگر سامان بھی ضبط کرکے اسٹور کر دیا گیا۔مذکورہ آپریشن ڈپٹی ڈائریکٹر نعمان اور علاقہ پولیس کی نگرانی میں کیا گیا۔کورنگی مہران ٹاؤن میں کارروائی کرکے غیر قانونی بچت بازار ختم کروادیا گیا ۔ مذکورہ کارروائی میں مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ انکروچمنٹ عملے نے سامان 2ٹرکوں میں لوڈ کرکے اسٹور کردیا ہے۔آپریشن ڈائریکٹر کورنگی مسرت علی اور علاقہ پولیس کی نگرانی میں کیا گیا ۔یونیورسٹی روڈ بلاک 11میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا ۔ آپریشن کے دوران حدود سے باہر آنے والی دکانوں کے چھجے مسمار کردیئے گئے ۔ آپریشن کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ریحان اور کمشنر ایسٹ سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے ‘‘امت ’’کو بتایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More