پاکستان میں حقیقی تبدیلی مذہبی قوتیں ہی لاسکتی ہیں-مولانا ابو تراب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سینئر نائب امیر مولانا علی محمد ابو تراب نے کہا ہے کہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا۔اسلام پسند ہی اس کے اصل وارث ہیں۔حکومت اپنے اقدامات کے ذریعے تبدیلی کا خواب چکنا چور کر رہی ہے۔ملک میں حقیقی تبدیلی صرف مذہبی قوتیں ہی لاسکتی ہیں۔وہ مدرسہ عثمان بن عفان قیوم آباد میں صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں مفتی یوسف قصوری،اشرف قریشی، قاری خلیل الرحمن جاوید ، مفتی رفیق سلفی ، عبدالوھاب سیٹھار ، نعمان اصغر ، عرفان شیخ ، خالد محمود ادریس اور دیگر بھی موجود تھے۔ابو تراب نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان اور سعودی عرب سازشوں کی زد میں ہیں۔محب وطن اور اسلام پسند قوتوں کو دونوں ممالک کے دفاع کے لئے تحریک چلانی چاہیے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نومبر میں کراچی میں ” دفاع حرمین شریفین “ اور مارچ 2019 میں ” آل سندھ اہل حدیث کانفرنس “ ہوں گی۔