سعودی پیکج سےا سٹاک مارکیٹ چڑھ گئی-ڈالر گرگیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو بیل آوٹ پیکیج ملنے کے بعد مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں بدھ کو نہ صرف پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی دیکھی گئی بلکہ ڈالر کی قیمت میں بھی ایک روپے 91 پیسے کی کمی ہوگئی ایک ہی روز میں بیرونی قرضے 170 ارب روپے کم ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب پاکستانی معیشت کے لیے خوش آئند ثابت ہوا اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے بیل آؤٹ پیکیج کے اعلان کے بعد ہی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی بڑی لہر دیکھی گئی اور ساتھ ہی روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کے دوران 100انڈیکس میں 1500پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد کے ایس ای 100انڈیکس 39ہزار100کی سطح بھی عبور کرگیا ۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں بھی کمی دیکھی گئی اور ڈالر کی قدر1 روپے 91پیسے کی کمی سے 132روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالرکی قدر40پیسے کم ہوکر 133روپے 50 پیسے کی سطح پر آگئی۔واضح رہے سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے فوری طور پر 3 ارب ڈالر کا قرض اور 3 ارب ڈالر کا سالانہ تیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔