ٹی 20سیریزمیں گرین شرٹس کافاتحانہ آغاز
ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کوبا آسانی 66 رنز سے شکست دے دی۔گرین شرٹس نے اس فتح کے ساتھ رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی بچالی،عمادوسیم کومین آف دی میچ قراردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20سیریزکے پہلے میچ میں 156 رنز کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی دباؤ کا شکار رہی۔پہلے ہی اوور میں عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس کے بعد فہیم اشرف نے چوتھے اوور میں گلین میکسویل کی اہم وکٹ حاصل کی جب کہ اسی اوور میں فخر زمان نے مک ڈرموٹ کو رن آؤٹ کر کے آسٹریلوی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔پانچویں اوور میں 22 کے مجوعی اسکور پر عماد وسیم نے الیکس کیری کو کیچ آؤٹ کرکے آدھی کینگروز ٹیم کو پویلین کی راہ دکھائی۔آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن کارٹر نیل 34 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ ایشتھن اگر نے بھی 19 رنز کی اننگز کھیلی۔پوری آسٹریلوی ٹیم 17ویں اوور میں 89 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ عماد وسیم نے 3 ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسن علی اور شاداب خان کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔عماد وسیم کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستان کی طرف سے بابراعظم نے 68رنزبنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے اسٹین لیک اور ٹائی نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یہ میچ جیت کرپاکستان نے آئی سی سی کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقراررکھنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔