لیاری اسپتال سینئر ڈاکٹروں سے خالی – مریض پریشان
کراچی (رپورٹ : صفدر بٹ) لیاری جنرل اسپتال میں سینئرڈاکٹرز کی80 سے زائد اسامیاں خالی ہونے سے طبی امور متاثر اور عملے کی قلت سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے چوتھے بڑے تدریسی اسپتال سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال میں گریڈ 18 کے ڈاکٹرز(سینئر میڈیکل افسران) کی 73 اسامیاں گزشتہ کئی ماہ سے خالی ہیں۔ اسی طرح اسپتال میں پیڈز، گائنی اور نفسیات سمیت دیگر اہم شعبوں کے ماہرین و کنسلٹنٹس کی مجموعی طور پر 8اسامیاں خالی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت اسپتال میں ڈاکٹروں کی اسامیاں خالی ہونے سے آگاہ ہے اور گزشتہ دنوں محکمہ کی جانب سے پیڈز کے شعبے میں 2ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا، تاہم ان ڈاکٹروں نے اسپتال میں جوائننگ دینے سے انکار کر دیا تھا ۔ اسپتال کی او پی ڈیز میں شہر کے مختلف علاقوں سے یومیہ ساڑھے 3 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوتے ہیں ۔جنہیں طبی عملے کی کمی ہونے سے علاج کے بروقت حصول میں مشکلات ہوتی ہیں ، لیکن اس وقت اسپتال میں بے ہوشی کے ڈاکٹروں کی بھی شدید کمی ہے، جس کے باعث مریضوں کو آپریشن کیلئے کئی کئی یوم کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے اور اسی طرح دیگر شعبوں میں بھی ڈاکٹروں کی کمی ہونے کا خمیازہ علاج کیلئے آنے والے شہریوں کو ہی بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خادم حسین قریشی سے متعدد بار کوشش کے باوجود رابطہ نہ ہو سکا۔