سعودی امداد کےباوجود حکومت نے بجلی گرادی

0

اسلام آباد(نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک) تبدیلی سرکار نے سعودی عرب سے 12 ارب ڈالر امداد ملنے کے باوجود عوام پر بجلی گرادی ۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے منظوری دیتے ہوئے بجلی اوسطاً سوا روپے فی یونٹ مہنگی کردی ہے۔جبکہ 300 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں کو 10 فیصد اضافی بل دینا ہوگا، یعنی 301 یونٹس استعمال کرنے والوں کیلئے بجلی 10 فیصد مہنگی ہوگی۔جبکہ 700 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے 15 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بجلی نرخوں میں اضافے سے بلک صارفین زیادہ متاثر ہونگے۔ جبکہ زرعی صارفین کو 50 فیصد ریلیف دیا گیا ہے ۔دوسری جانب قیمتوں کے نئے سلیب متعارف کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے ، جبکہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر بھی 20پیسے یونٹ بٹورنے کی تیاری کرلی گئی ہے ۔ وزیر خزانہ نے مذکورہ اضافہ معمولی قرار دیتے ہوئے 179ارب کی سبسڈی دینے کا دعویٰ کیا ہے ۔ جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے پیکیج کے بدلے کوئی شرط نہیں رکھی گئی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی کونسل کے اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی اصولی منظوری دی گئی ،تاہم منظور کردہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں کے نئے سلیب متعارف کروائے جائیں گے، امیر طبقے کے لیے بجلی زیادہ مہنگی ہوگی ،جبکہ برآمدی شعبہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں سہولت دی گئی ہے۔ بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے ٹیرف ریشنلائزیشن پلان کی منظوری دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمت میں اوسطا ًایک روپے 18پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے،بلک صارفین کے لئے بجلی کی قیمت میں 20سے 25فیصد، انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کیلئے 15سے 20فیصد، 700سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے 15فیصد ، جبکہ 300 سے 700یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کیلئے 10فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے زرعی شعبے کو بڑا ریلیف دیا ہے اور بجلی کے نرخ 10روپے 50پیسے فی یونٹ سے کم کرکے 5روپے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی صارفین کو سبسڈی دینے کی بھی منظوری دی، حکومت بجلی صارفین کو 179ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نےکہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ توقع سے کم کیا گیا ہے۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا سارا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا گیا ہے ، واجبات کی وصولی میں بہتری اور گردشی قرضوں میں کمی لائی جائے گی ۔ای سی سی کے اجلاس میں زراعت کے لیے بڑا ریلیف کے فیصلہ کیا گیا ہے۔ بجلی فی یونٹ 5روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے زرعی شعبے کو بڑا ریلیف دیا ہے اور بجلی کے نرخ 10روپے 50پیسے فی یونٹ سے کم کرکے 5روپے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔واضح رہےکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 20پیسے فی یونٹ اضافہ کیا ہے تاہم نیپرا کے فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔وزیرخزانہ اسدعمر نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ توقع سے کم کیا ہے، پریس کانفرنس میں بجلی کےنرخوں میں اضافے پربریفنگ دیں گے، واجبات کی وصولی اور زیرگردش قرضوں کو کم کرنے کے لئےاقدامات کیے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ نیپرا کی سفارش پر من و عن عمل نہیں کیا جائے گا۔ اسد عمر نے بجلی چوری اور نقصانات پر قابو پانے، بقایا جات کی وصولی میں بہتری کی ہدایت کی۔اسد عمر نے کہا کہ نظام میں بہتری تک عوام پر بوجھ نہیں ڈال سکتے۔ دو روز قبل پیر کو ہونے والے اجلاس میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ حیدر آباد، پشاور، کوئٹہ اور سکھر سمیت بجلی کی چار تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات 143ارب تک پہنچ گئے۔ سکھر اور حیدر آباد میں ڈیڑھ ارب کی بجلی چوری، کنڈا سسٹم بھی جاری ہے لیکن ایف آئی آر ہوئی نہ ہی کوئی کارروائی، چاروں کمپنیاں گزشتہ دو سال کے دوران صارفین سے 507ارب کی ریکوری کرنے میں بھی ناکام رہیں۔قبل ازیں نیپرا ہیڈ کوارٹرز میں بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق سماعت ہوئی جس میں نیپرا کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 20پیسے اضافے کی منظوری دے دی گئی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ ستمبر کے مہینے کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ،جبکہ 20پیسے اضافے سے صارفین پر ڈھائی ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے 3سال کے لیے ادھار تیل اور 3ارب ڈالرز کے بدلے پاکستان پر کوئی شرط عائد نہیں کی۔ ان کا کہناتھا کہ سابق آرمی چیف راحیل شریف کی سعودی عرب میں ملازمت کا حالیہ سعودی ریلیف سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کئی بار ادھار تیل ملنے میں ناکامی کے بعد اس بار ملی کامیابی کو ’’مدینے والے کا کرم‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں مدینے والےکاکرم ہوگیا۔وزیرخارجہ کا نواز شریف کے بارے میں کہنا تھا کہ نواز شریف کا خاندان اب انہیں سعودی شاہی خاندان کے رڈار پر نظر نہیں آتا۔ علاوہ ازیں صارفین کے تحفظ کیلئے قائم اوگرا نے سوئی ناردن گیس کمپنی پر نوازشات کردیں، اوگرا کی جانب سے صارفین پر 44ارب 74کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالنے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن کو 44 ارب 74کروڑ روپے کے گیس شارٹ فال ایڈجسٹمنٹ کی اجازت دی گئی، بغیرتصدیق ایڈجسٹمنٹ کی اجازت سے گیس قیمت میں 106روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا، اوگرا اجازت نہ دیتی تو 30.62روپے فی ایم ایم بی ٹی یوسستی گیس مل سکتی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More