ایک اور چینی صوبہ ریل کے ذریعے پاکستان کے ساتھ منسلک

0

بیجنگ (امت نیوز) چین نےاپنا ایک اور صوبہ ریل اور سڑک کے راستے پاکستان کیساتھ منسلک کردیا، نئی مال بردار لنک سروس کے تحت شمال مغربی چینی صوبے گانزو سے مال بردار ٹرین صوبہ سنکیانگ آئے گی، جہاں سے تجارتی سامان سڑک کے ذریعے پاکستان لایا جائے گا، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان فاصلے اور اخراجات کم ہوں گے اور باہمی تجارت کو مزید فروغ ملے گا۔ اس سلسلے میں روز مرہ استعمال کی اشیا سمیت مختلف مشینوں اور گاڑیوں کے پرزہ جات سے لدی 30 بوگیوں پر مشتمل اولین فریٹ ٹرین گزشتہ روز صوبہ گانزو کے صدر مقام لانزہو سے چل پڑی ہے، جس کے کاشغر پہنچنے پر اس کا سامان سڑک کے راستے اسلام آباد لایا جائے گا۔ صوبہ گانزو کی انٹرنیشنل مینجمنٹ کمیٹی برائے لینڈ پورٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیو ژی کا کہنا ہے کہ ساڑھے 4ہزار کلو میٹر طویل روٹ روایتی سمندری کی بہ نسبت 2ہفتے سے بھی کم وقت میں طے ہوسکے گا اور اس پر لاگت بھی کم آئے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی ریلوے اینڈ روڈ کارگو سروس پاک چین دوستی کا ایک اور سنگ میل ہے، بیلٹ اینڈ روٹ منصوبے سے خطے کے دیگر پڑوسی ممالک بھی مستفید ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More