ٹنڈو محمد خان کا دھوبی جعلی کمپنی کا مالک نکلا
حیدر آباد/ ٹنڈو محمد خان (اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ امت) ٹنڈو محمد خان کا غریب دھوبی بھی راتوں رات کروڑ پتی بن گیا، اس کے نام ایک کمپنی نے 1 کروڑ روپے سے زائد کی خریداری کی، سپریم کورٹ کی جے آئی ٹی کی طرف سے نوٹس جاری کر دیا گیا۔ ٹنڈو محمد خان کی مشترکہ کالونی کے رہائشی 30 سالہ طارق سعید قریشی کو جوکہ دھوبی کا کام کرتا ہے اسے سپریم کورٹ کی طرف سے بنائی گئی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم ایف آئی اے نے نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ آپ کے نام ٹیکنو برائٹ امپیکس نامی کمپنی ہے اور آپ نے فروری 2011ءمیں گیٹ وے اسٹیل آئرن کمپنی سے 1کروڑ 4 لاکھ روپے کی خریداری کی ہے آپ وضاحت کریں کہ آپ نے یہ خریداری کیوں کی تھی اور اپنی کمپنی کی تمام بینک تفصیلات ایف آئی اے کے روبرو پیش ہو کر بیان کریں بصورت دیگر آپ کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی، نوجوان دھوبی طارق سعید نے میڈیا کو بتایا کہ میں دھوبی کا کام کرکے گزر بسر کرتا ہوں میرا کوئی بینک اکائونٹ نہیں ہے میں نے2011ءمیں نوکری کے لیے ایک درخواست دی تھی جس میں شناختی کارڈ کی کاپی اور دیگر تفصیلات شامل تھیں، یہ درخواست میں نے ایک شخص کے ذریعے دی تھی، طارق سعید نے کہاکہ میرے پاس تو اتنے پیسے بھی نہیں کہ ایف آئی اے کے دفتر کراچی جاسکوں۔