سب سے زیادہ ون ڈے ٹائی کرنیکا اعزاز ویسٹ انڈیز کو حاصل
ویشاکھاپٹنم (امت نیوز) ویسٹ انڈیز نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ بار ٹائی میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا، کالی آندھی نے بھارت کے خلاف سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ ٹائی کر کے یہ کارنامہ انجام دیا، یہ 10واں موقع ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم نے کسی ٹیم کے خلاف ٹائی میچ کھیلا ہو، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں نو، نو مرتبہ ٹائی میچ میں ملوث رہیں۔ انگلینڈ اور پاکستان آٹھ، آٹھ بار، زمبابوے سات جبکہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں چھ، چھ مرتبہ ٹائی میچ میں ملوث رہیں۔ ادھر برابر پر ختم ہونے والے میچوں پر سوالیہ نشان بھی اٹھائے جاتے ہیں۔ حال ہی میں ختم ہونے والے ایشیا کپ میں بھارت اور افغانستان کا میچ بھی ڈرامائی انداز میں ٹائی ہوگیا تھا، جس پر کرکٹ حلقوں کی جانب سے کہا گیا کہ اس میچ میں فکسنگ کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔