سری لنکا کرکٹ چیف فنانشل آفیسر کو رہا نہ کرنیکا فیصلہ
کولمبو (امت نیوز) سری لنکا کرکٹ کے چیف فنانشل آفیسر ویمل ننڈیکا ڈیسانائیکے کو بدستور حراست میں رکھا جائے گا۔ پولیس نے ویمل ننڈیکا ڈیسانائیکے کا یکم نومبر تک کا ریمانڈ حاصل کرلیا، ان پر سونی ٹی وی کو نشریاتی حقوق دینے پر مالی خورد برد کرنے کے الزامات ہیں، ویمل کیخلاف سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایشلے ڈی سلوا نے پولیس میں باقاعدہ رپورٹ درج کرائی تھی۔انھوں نے مذکورہ براڈ کاسٹر کو نشریاتی حقوق کے معاہدے کی 15 فیصد رقم امریکا میں ایک پرائیویٹ اکائونٹ میں جمع کرانے کا کہا تھا۔ واضح رہے کہ ان دنوں سری لنکن کرکٹ بورڈ میں کرپشن اور میچ فکسنگ کی باز گشت سنائی دے رہی ہے۔