اسپورٹس بورڈ کے سوئمنگ پول میں انٹرنیشنل سہولیات موجود ہیں- سعید اختر
اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان سپورٹس بورڈ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر برائے سوئمنگ پول سعید اختر نے کہا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سوئمنگ پول میں تمام انٹرنیشنل سہولیات موجود ہیں۔ گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوئمنگ پول کی صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور سال میں ایک بار ایک ماہ عوام کیلئے سوئمنگ بند کرکے اس کی صفائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئمنگ پول کی تمام مشنری اور فلٹر سسٹم مکمل طور پر ٹھیک کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوئمنگ پول میں ساڑھے تین لاکھ گیلن پانی موجود ہوتا ہے جس کو روزانہ کی بنیاد پر دن میں دو بار فلٹر کیا جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سعید اختر نے کہا کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کیلئے سوئمنگ کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوںکی چھٹیوں میں طلباء و طلبات بڑی تعداد میں سوئمنگ کیلئے آتے ہیں اور روزانہ آٹھ سو سے زائد مرد اور خواتین تیراکی کرتے ہیں لیکن عام دنوں میں دو، ڈھائی سو کے قریب مرد اور خواتین تالاب میں سوئمنگ کرتے ہیں۔