ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ کالجز نے کام شروع کردیا -تین معائنہ کمیٹیاں تشکیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ کالجز نے کام شروع کردیا ۔پرائیوٹ کالجز کے معائنے کے لئے تین کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں محکمہ تعلیم و خواندگی کی محکمہ تعلیم اسکول اور محکمہ تعلیم کالجز میں تقسیم کے بعد ، ڈائریکٹوریٹ انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیوٹ انسٹیٹیوشنز سندھ کو بھی دو حصّوں میں تقسیم کر کے پرائیوٹ کالجز کی انسپکشن ، رجسٹریشن اور تجدید ِکے لئے قائم کئے گئے ۔ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن پرائیوٹ کالجز نے باقاعدہ کا م شروع کردیا ہے ۔ سیکریٹری تعلیم کالجزپرویز احمد سیہڑ نے سندھ بھر کےنجی کالجز کی انسپکشن ، رجسٹریشن اور تجدید ِکے لئے محکمہ تعلیم کالجز کے افسران ، ریٹائرڈ و حاضر سروس تعلیمی ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر مشتمل تین کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جو کراچی ،حیدرآباد اور سکھر میں کام کرینگی ان کمیٹیوں کی سربراہی ڈائریکٹر پرائیوٹ کالجز سندھ ، پروفیسر زاہد احمد کرینگے ۔مذکورہ کمیٹیاں صوبے کے پرائیوٹ کالجز کا دورہ کر کےتدریسی اور انتظامی امور کا جائزہ لے کر اس امر کو یقینی بنائینگی کہ پرائیوٹ کالجز مروّجہ قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں ۔