عمان(امت نیوز)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نےموساد چیف کے ہمراہ عمان کا پر اسرار دورہ کیا۔ اسرائیل اور عمان کے درمیان سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باوجود بنجمن نیتن یاہو جمعہ کو مسقط پہنچ گئے اور شاہی محل میں سلطان قابوس سے ملاقات کی۔اس دورے کی پہلے سے تشہیر نہیں کی گئی تھی۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے دورے کی تصاویر ‘‘ٹویٹر’’ پر شیئر کی ہیں جن میں وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمانی فرمانروا اور دیگر حکام کے ساتھ دیکھے جاسکتے ہیں۔نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ سلطان قابوس کی طرف سے انہیں دورے کی باضابطہ دعوت دی گئی تھی۔ بعد ازاں دونوں رہنمائوں کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں امن وامان، خطے میں استحکام اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یادرہے کہ اسرائیل اور عمان کے درمیان سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے ہمراہ مشیر قومی سلامتی مائیربن شبات، وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل یوفال روٹیم اور ملٹری سیکٹری بریگیڈیئر آوی بلوٹ بھی تھے۔اکتوبر 2000میں فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات جمود کا شکار ہوگئے تھے۔