نیب علی عمران کی جائیدادوں کی تفصیلی رپورٹ جمع نہ کراسکی-قرقی کا حکم
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک۔ا ے پی پی) احتساب عدالت لاہورنے شہبازشریف کے داماد علی عمران کی جائیداد قرقی کا حکم دے دیا۔قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے علی عمران کی جائیداد کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع نہیں کرائی گئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ علی عمران کے علی سینٹر، علی ٹاؤن میں کروڑوں روپے مالیت کے دفاتر اور اپارٹمنٹ ہیں، علی اینڈ فاطمہ ڈویلپر کے نام پر گلبرگ میں اربوں روپے مالیت کا پلازہ ہے۔ گلبرگ 3 میں کروڑوں روپے مالیت کا پلاٹ ہے، غوث الاعظم ڈویلپرز کے نام پر بھی کروڑوں روپے کی جائیداد انہی کے نام ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے مزید بتایا کہ مدینہ فیڈز مل اور علی پروسیسڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی علی عمران کی ملکیت ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ علی پر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر سے 13 کروڑ روپے رشوت لینے کا الزام ہے، انہیں نیب میں طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تاہم ملزم بیرون ملک فرارہو ہوچکا ہے۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹرکے دلائل سننے کے بعد شہبازشریف کے داماد کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا۔ادھرنیب لاہور کے ترجمان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں گرفتاری کی خبر حقائق پر مبنی نہیں۔ترجمان کے مطابق نیب حکام کی جانب سے ملزم کے مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں انکوائری جاری ہے۔