چہلم امام حسینؓ کے جلوس کیلئے ٹریفک پولیس کا کنٹی جنسی پلان تیار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چہلم امام حسینؓ کے جلوس کیلئے ڈی آئی جی ٹریفک کی ہدایت پرکل 30اکتوبر بروز منگل کو مسافروں اور عوام کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کئےگئے ہیں۔ ایک جلوس نشترپارک سے دن ایک بجے برآمد ہوگا، جلوس سے قبل علم جلوس مارٹن روڈ امام بارگاہ سے 9بجے برآمد ہوگا، جو نشترپارک پر اختتام پذیر ہوگا، جہاں مرکزی مجلس ہوگی اور اسکے بعد جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر کیلئے روانہ ہوگا۔ مرکزی جلوس کا روٹ حسب ذیل ہوگا۔ نشترپارک، سرشاہ نواز بھٹوروڈ، محفل شاہ خراساں، ایم اے جناح روڈ، مینسفیلڈ اسٹریٹ، پریڈی اسٹریٹ، دوبارہ ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار، نواب محبت خانجی روڈ سے امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان۔ جیسے ہی جلوس نشترپارک سے روانہ ہوگا، شہر کی جانب سے آنے والی تمام ٹریفک کو سولجر بازار (بہادر یار جنگ روڈ ) کوسٹ گارڈز یڈ کوارٹرز، انکل سریا چوک سے جوبلی یا نشتر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ تمام ٹریفک جو ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آرہی ہوگی، اسے لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کی جانب گارڈن کی طرف موڑ دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔ لیاقت آباد سے آنیوالی ٹریفک ڈاکخانہ سے بائیں طرف الطاف بریلوی روڈ جانب پرانی سبزی منڈی، یونیورسٹی روڈ، یوٹرن، جیل فلائی اوور، نیوایم اے جناح روڈ، پی پی چورنگی، دادا بھائی نورجی، کشمیر روڈ، سوسائٹی سگنل، شاہراہ قائدین، شارع فیصل، لکی اسٹار، سرورشہید روڈ، فاطمہ جناح روڈ، مولانا دین محمدوفائی روڈ، ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ اسی طرح وہ تمام ٹریفک جو اسٹیڈیم روڈ کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی طرف جائے گی، اسے نیو ایم اے جناح روڈ کی جانب سے آنے کی اجازت ہوگی، البتہ یہ گاڑیاں دادا بھائی نور جی روڈ، کشمیر روڈ اور سوسائٹی سگنل سے ہوتی ہوئی براستہ شاہراہ قائدین سے شارع فیصل پر پہنچے گی۔ وہ تمام ٹریفک جو سپر ہائی وے گلبرگ کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی طرف جانا چاہے، اسے لیاقت آباد نمبر10سے ناظم آباد چورنگی نمبر2 کی طرف موڑ دیا جائے گا جو براستہ حبیب بینک چوک، اسٹیٹ ایونیوروڈ، شیر شاہ سے ماڑی پور تک جاسکیں گے اور اسی طرح واپسی کیلئے یہی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ وہ تمام ٹریفک جو نیشنل ہائی وے سے شہر کی طرف جائے گی، اسے براستہ راشد منہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ، سرشاہ سلیمان روڈ، حسن اسکوائر، لیاقت آباد نمبر10، ناظم آباد چورنگی نمبر 2 حبیب بینک چوک، اسٹیٹ ایونیو روڈ اور شیر شاہ سے ماری پور تک آنے کی اجازت ہوگی اور اسی طرح واپسی کیلئے یہی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ ہرقسم کی چھوٹی یا بڑی ٹریفک کو گرو مندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس تمام ٹریفک کو بہادر یار جنگ روڈ اور خان بہادر نقی محمد خان روڈ پر موڑ دیا جائے گا۔ البتہ یہ ٹریفک سولجر بازار روڈ اور خان بہادر نقی محمد روڈ، بہادر یار جنگ کراسنگ تک جاسکے گی۔ تمام قسم کی چھوٹی ٹریفک جو مزار قائد کی طرف سے براستہ ایم اے جناح روڈ کی جانب سے آرہی ہوگی، اس تمام ٹریفک کو بہادر یار جنگ روڈ پرموڑ دیا جائے گا اور کسی بھی گاڑی کو کسی بھی حالت میں نمائش چوک کی جانب جانے کی اجازت نہ ہوگی۔ تمام ٹریفک جو براستہ شاہراہ قائدین سے نمائش چوک کی جانب جائے گی اسے سوسائٹی سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سوائے ان گاڑیوں کے جن کی ونڈ اسکرین پر جلوس میں شامل ہونے کا اسٹیکر چپساں ہوگا۔ جب جلوس کا اگلا سرا ایم اے جناح روڈ، مینسفلڈ اسٹریٹ پر پہنچے گا تو تمام ٹریفک جو صدر اور دوسری کالونیوں کی طرف جانا چاہے گی، اسے ایمپریس مارکیٹ کی طرف ذیلی چوراہوں سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کسی بھی ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ اور اس کے جنکشن پریڈی اسٹریٹ سے جانے کی اجازات نہیں ہوگی، جب تک کے جلوس مکمل طور پر اس چوک سے گزر نہیں جاتا ہے۔نیز کسی گاڑی کو بھی جلوس کے روٹ پر پارک کرنیکی اجازت نہیں ہوگی۔