بیک وقت 2 حکومتوں سے سری لنکا میں حالات خراب – 2 چینلز پر قبضہ

0

کولمبو(امت نیوز)بیک وقت 2حکومتوں سے سری لنکا میں حالات خراب ہونے لگے ہیں ۔وزیر اعظم مقرر ہونے والےمہندرا راجہ پاکسے کے حامیوں نے2ٹی وی چینلز پر قبضہ کر لیا ہے۔کرکٹرکی حیثیت سے دنیا بھر کو گرویدہ بنانے کے بعد سیاست میں آنے والے ارجنا رانا ٹنگا کے محافظ کی فائرنگ سے سری لنکن صدر متھری پالا سینا کا ایک حامی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔رانا ٹنگا 26اکتوبر کو برطرف ہونے والے وزیر اعظم رنیل وکرما سنگھے کی کابینہ میں وزیر پیٹرولیم تھے ۔رنیل وکرما سنگھے نے اپنی برطرفی غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اقتدار نہ چھوڑنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔اتوار کو سری لنکن صدر کے حامیوں کے ایک گروہ نے رنیل کابینہ میں وزیر پیٹڑولیم ارجنا رانا ٹنگا کو دفتر جانے سے روکا تھا جس پر ان کے محافظ نے فائرنگ کی۔ سری لنکا 26اکتوبر کو سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوا جب صدر متھری پالا سینا نے وزیر اعظم رنیل وکرما اور ان کی کابینہ کو برطرف کیا تھا ،حکومت کی جانب سے وکرما سنگھے کو اتوار کو 28 اکتوبر کو سرکاری رہائش گاہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔وکرما سنگھے کی جماعت گھر خالی کرانے پر اسٹیڈیم بھرنے کی دھمکی دیدی ہے ۔وکرما سنگھے نے اپنی اکثریت ثابت کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا اجلاس فوری طور پر بلانے کا مطالبہ کر رکھا ہے ۔سری لنکا کی اسمبلی کےاسپیکر اسمبلی کارو جیاسوریا نے وزیر اعظم کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے صدر متھری پالا سری سینا کے نام خط میں کہا ہے کہ وزیر اعظم رنیل کو بحال کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ جب تک کوئی دوسرا رکنِ پارلیمنٹ اکثریت ثابت نہیں کر دیتا،اس وقت تک وکرماسنگھے ہی وزیرِ اعظم رہیں گے۔صدر سری سینا کے نامزد وزیر اعظم اور ملک کے سابق صدر مہندرا راجہ پاکسےنے اتوار کو کابینہ کو حتمی شکل دینے سے قبل کینڈی میں واقع بودھ مندر کا دورہ کیا تاکہ وہ موجود بڑے بودھ راہب کی آشیر واد لے سکیں۔ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ مہندرا راجہ پاکسے کے اقتدارمیں آنے کا مطلب ایک بار پھر جبر کے دور کا آغاز ہے ۔ ْامریکہ ،یورپی یونین کے سفیروں نے زور دیا ہے کہ وہ جمہوری اور آئینی کی پیروی کرتے ہوئے تشدد سے گریز کریں گے۔چین اور مغربی ممالک کے سفیروں نے نامزد وزیر اعظم مہندراراجہ پاکسے اور معزول وزیر اعظم رنیل وکرما سنگھےسے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More