مزدوروں کیلئے اراضی خریداری میں کرپشن پر 7 کیخلاف فردجرم عائد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے سندھ ورکرز ویلفئیر بورڈ کی جانب سے لیبر کالونی کے لیے زمین کی خریداری میں کرپشن سے متعلق ریفرنس میں سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ اور ریونیو افسران سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ، عدالت نے ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر تفتیشی افسر اور گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا ہے ۔ پیر کے روز سماعت کے موقع پر ملزمان سید مطلوب حسین،علی شیر میرانی، کاموس گل خٹک،محمد زبیر موتی والا،شجاعت حسین و دیگر پیش ہوئے ۔استغاثہ کے مطابق سندھ ورکرز ویلفئیر بورڈ نے لیبر کالونی کے لئے دو سو ایکڑ زمین خریدنی تھی، ملزمان نے لیبر کالونی کے لئے ناقص اور غیر معیاری زمین خریدی جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ۔