اعظم سواتی نے غریب خاندان جیل پھینکوا دیا

0

اسلام آباد(وقاص منیرچوہدری) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کے گارڈز کی جانب سے غریب شخص کے گھر میں گھس کر خواتین پر تشدد کرنے اور اس کی گائے پکڑ کر باندھنے کے بعدغریب خاندان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا کر سارے خاندان کوجیل پھنکوادیا۔’’امت‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ بچے ضیا الدین نے بتایا کہ نماز جمعہ کے بعدجب وہ گھر آیا تو گائے گھر میں موجود نہ تھی۔ارد گرد سے معلومات لینے پر پتہ چلا کہ اعظم سواتی کے ملازم گائے پکڑ کر لے گئے ہیں،میں گھر کے قریب واقع اعظم سواتی کے فارم ہائوس پر پہنچا تو گائے فارم ہائوس کے گیٹ کے اندر بندھی تھی۔ گیٹ پر موجودسیکورٹی گارڈ نے بتایا کہ گائے ’’خان‘‘(اعظم سواتی کے بیٹے عثمان خان)نے باندھی ہے،اس لیے اس کی اجازت کے بغیر میں گائے نہیں دے سکتا۔اسی دوران 2 مزید مسلح گارڈزفارم ہائوس کے اندر سے آئے اور مجھے گالیاں دینے لگے اوران میں سے ایک نے مجھے تھپڑ بھی مارا۔اس پر میں خوفزدہ ہو کر گھر بھاگ گیا۔ ضیا الدین نے بتایا کہ میں گھر پہنچا ہی تھا کہ اعظم سواتی کے مسلح گارڈز میرے گھر پہنچ گئے، میری والدہ اور دادی سمیت صرف خواتین اس وقت گھر میں موجود تھیں، جبکہ اس کے والد نیاز خان گھر پر موجود نہ تھے۔ نیاز خان فاٹا کے علاقے باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھتے ہیں اور اسلام آباد کی آبپارہ مارکیٹ میں ایک کر یانہ سٹور پر 15ہزار روپے ماہانہ پر ملازم ہے اور جمعہ کے روز اس واقعے کے وقت بھی حسب معمول اپنی ڈیوٹی پر موجود تھا۔ضیا الدین کے مطابق 3 سے 4 مسلح افراد نے والدہ اور بوڑھی دادی سے بھی گالم گلوچ کی اور ان پر ہاتھ بھی اٹھایا۔خواتین کی چیخ وپکار پر مقامی لوگ اکٹھے ہو گئے ،جس پر مسلح سیکورٹی گارڈ واپس چلے گئے ،لیکن گائے واپس نہ کی۔دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق گائے اتوار کے روز تک اعظم سواتی کے فارم ہائوس پر ہی موجود تھی اور مالکان کو واپس نہیں کی گئی تھی۔ ضیا الدین نے بتایا کہ اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور سارے معاملے کے بارے میں معلومات لینے کے بعد اسے کہا کہ خان سے معافی مانگ لو اور گائے واپس لے لو، لیکن اعظم سواتی کے لوگوں نے پولیس سے بھی بدتمیزی کی، جس کے بعد پولیس واپس چلی گئی۔ تھانہ شہزاد ٹائون پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’’امت‘‘ کو بتایا کہ اعظم سواتی کے بیٹے اور ملازموں نے نیاز کے گھر پر حملہ کیا ،جو سراسر زیادتی ہے، نیاز خان موقعے پر موجود ہی نہیں تھاجبکہ اس کے بچوں کا اس سارے معاملے میں کوئی قصور نہیں، ساری زیادتی اعظم سواتی کے بیٹے اور گارڈز کی ہے ،جبکہ پرچہ بھی متاثرہ خاندان کے خلاف درج کیا گیااورگرفتار بھی انہیں کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More