اٹک میں 6نشستوں پرتحریک انصاف کامیاب۔1نوازلیگ
راولپنڈی۔اٹک(خصوصی رپورٹر۔ خبر نگار خصوصی۔نامہ نگار) خطہ پوٹھوہار میں چلنے والی تبدیلی کی ہوائوں کے اثرات ضلع اٹک میں بھی واضح رہے جہاں پی ٹی آئی نے ایک صوبائی نشست کے علاوہ تمام قومی و صوبائی نشستوں پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے۔ اٹک سے قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 5 میں سے 4 نشستیں تحریک انصاف نے حاصل کر لیں،نواز لیگ صرف پنجاب اسمبلی کی ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔تحریک انصاف کی 6 نشستوں میں سے قومی اسمبلی کے 2اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 3 پر تحریک انصاف کے میجر طاہر صادق بھاری اکثریت سے منتخب ہوگئے۔انہوں نے مجموعی طورپر 3لاکھ 70ہزار831ووٹ حاصل کیے۔این اے 55 سے تحریک انصاف کے میجر طاہر صادق 1لاکھ 45ہزار168 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔ ان کے مد مقابل مسلم لیگ ( ن ) کے سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد 1لاکھ 1ہزار773 ووٹ حاصل کر کے دوسرے ، تحریک لبیک پاکستان کے محمد حفیظ اللہ جان علوی 25ہزار429 ووٹ حاصل کر کے تیسری ، ایم ایم کے صاحبزادہ حافظ سعید احمد دریا شریف نے 11ہزار748 ووٹ حاصل کر کے چوتھی ، پی پی پی پارلیمنٹیرین کے ذوالفقار حیات نے 10ہزار936 ووٹ حاصل کر کے پانچویں ، اللہ اکبر تحریک کے ملک آصف اقبال نے 1ہزار111 ووٹ حاصل کر کے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔این اے 56 سے تحریک انصاف کے میجر طاہر 1لاکھ 63ہزار326 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے۔ان کے مدمقابل مسلم لیگ ( ن ) کے ملک سہیل کمڑیال 99ہزار404 ووٹ حاصل کر کے دوسرے ، تحریک لبیک پاکستان کے پیر سید فیصل محمود شاہ گیلانی آف چورہ شریف 62ہزار267 ووٹ حاصل کر کے تیسرے ، پی پی پی پارلیمنٹیرین کے سلیم حیدر 38ہزار779 ووٹ حاصل کر کے چوتھی پوزیشن پر رہے ۔ پی پی 1 سے تحریک انصاف کے یاور بخاری 39ہزار567 ووٹ لے کر کامیاب رہے ۔ ان کے مد مقابل آزاد امیدوار ملک حمید اکبر خان چیف آف شیں باغ 24ہزار140 ووٹ حاصل کر کے دوسرے ، مسلم لیگ ( ن ) کے شیخ سلمان سرور 24ہزار7ووٹوں کے ساتھ تیسرے ، تحریک لبیک پاکستان کے ملک عمر ارشد ایڈووکیٹ آف ماڑی کنجور 10ہزار803 ووٹ حاصل کر کے چوتھے نمبر پر رہے۔ پی پی 2 سے پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے سابق وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ 45ہزار965 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے ۔ان کے علاوہ ضلع بھر میں کامیاب ہونے والے تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے قاضی احمد اکبر 42ہزار879 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبرپررہے۔ حلقہ پی پی 3 سے تحریک انصاف کے میجر طاہر صادق 62ہزار337 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے ۔ ان کے مدمقابل چوہدری نثار علی خان کے بہنوئی پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے آصف علی ملک ایڈووکیٹ 31ہزار76 ووٹ حاصل کر کے دوسری ، پی پی پی پارلیمینٹرین کے محمد ریاض خان بالڑہ 25ہزار329 ووٹ حاصل کر کے تیسری ، تحریک لبیک پاکستان کے راحت علی خان 13ہزار595 ووٹ حاصل کر کے چوتھی پوزیشن پر رہے۔ پی پی 4 سے تحریک انصاف کے سابق وزیر کرنل ملک محمد انور خان 49ہزار589 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے ان کے مدمقابل سابق وزیر چوہدری شیر علی خان منہاس 40ہزار460 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے ۔ پی پی 5 سے تحریک انصاف کے سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل اٹک ملک جمشید الطاف خان 57ہزار136 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ( ن ) کے ملک بہادر یار خان آف کھنڈہ 36ہزار86 ووٹ حاصل کر کے دوسرے ، تحریک لبیک پاکستان کے سید احسن محمود شاہ کیلانی 29ہزار163 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبرپرآئے۔