چارسدہ میں نشئیی نے ماں-بھابھی -بھتیجے اور چچا زاد کو قتل کردیا
چارسدہ (بیورورپورٹ) چارسدہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری سمیت ایک ہی خاندان کے دو خواتین سمیت چار افراد قتل۔ دیدہ دلیر ملزم اپنی 9سالہ بیٹی کو ڈھال بنا کر فرار ۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے مضافاتی علاقہ عمرزئی تالاشاہ میں مبینہ ملزم ارشد جمال ولد شیر حبیب نے گھریلو ناچاقی پر اندھادھند فائرنگ کرکے اپنی والدہ مسماة گلشن زوجہ شیر حبیب ، بھابھی مسماة رانی زوجہ سجاد،بھتیجے حیدر ولد سجاد اور چچا زاد بھائی احسان اللہ شیر پاؤ ولد سید کریم کو قتل کر دیا ۔ واقعہ کے بعد ملزم اپنی 9سالہ بیٹی کو ڈھال بنا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ مقتولین میں نجی ٹیلی ویژن کے نمائندے اور چارسدہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری احسان اللہ شیرپاوٴ بھی شامل ہے جو ملزم کا چچا زاد بھائی ہے ۔ واقعہ کے بعد پولیس نے نعشوں کو پو سٹمارٹم اور قانونی کاروائی کیلئے چارسدہ ہسپتال منتقل کیاجبکہ تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے کچھ عرصہ پہلے اپنی بیوی پر بھی قاتلانہ حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئی تھی ۔ملزم کے حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نشے کا عادی ھے اور کچھ عرصہ پہلے علاج معالجہ کیلئے کراچی گئے تھے ۔ گزشتہ دنوں ملزم کراچی سے واپس گاوں آئے اور منگل کے روز علی الصبح خون کی خولی کھیل کر اپنے ہی خاندان کے چار افراد کو بے درددی سے قتل کر دیا۔پولیس نے مقتول احسان اللہ شیر پاؤ کے بھائی امان اللہ کی رپورٹ پر ملزم ارشد جمال کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دئیے ۔ ایک ہی خاندان کے جب چار جنازے اٹھے تو علاقہ میں کھرام مچھ گیا۔ جنازوں میں دور دراز کے صحافیوں کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی و سماجی، سرکاری افسران و اہلکاران، علماء کرام و مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔