کراچی سے دھابیجی ایکسپریس چل پڑی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی سے دھابیجی ایکسپریس ٹرین چل پڑی۔ صدر مملکت عارف علوی نے بدھ کوکراچی میں 11 سال سے بند لوکل ٹرین کا افتتاح کیا۔ اس ٹرین کے ذریعے یکم نومبر سے روزانہ ہزاروں افراد سفری سہولت حاصل کرسکیں گے۔ٹرین کا روٹ 65 کلومیٹر پر محیط ہوگا جس کا کم از کم ٹکٹ 25روپے اور زیادہ سے زیادہ 80روپے ہوگا۔ حکام کے مطابق کراچی سٹی اسٹیشن سے دھابیجی کے لیے لوکل ٹرین صبح 7بجے اور شام پونے 6بجے روانہ ہوگی جبکہ دھابیجی سے کراچی سٹی کے لیے صبح 6بجے اور شام 5بجے ٹرین روانہ ہوگی۔یہ ٹرینیں ڈرگ روڈ، ڈرگ کالونی، ملیر سٹی لانڈھی اور بن قاسم اسٹیشنوں پر رکیں گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ بہترین کارکردگی پر وزیر ریلوے شیخ رشید کو مبارکباد دیتا ہوں۔اس موقع وزیر ریلوے شیخ رشیدنے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجودعوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ میری خواہش ہے کہ کراچی سے حیدرآباد ٹرین شروع کریں، دھابیجی ایکسپریس کے افتتاح سے بہت خوشی ہوئی، مستقبل میں مزید ٹرینیں بھی چلائیں گے۔ان کاکہنا تھا کہ صدرکی آمدکی خوشی میں دھابیجی ایکسپریس پہلا سفر مفت کرے گی۔