قومی اسمبلی اجلاس 11اگست تک بلائے جانے کا امکان
اسلام آباد(جنرل رپورٹر؍ امت نیوز)عام انتخابات 2018 میں ممکنہ طور پر تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کامیابی کے بعد نو منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس 6 اگست سے 11 اگست تک بلائے جانے کا امکان ہے۔ تحریک انصاف 14 اگست سے قبل حکومت سازی کا عمل مکمل کرنا چاہتی ہے۔پی ٹی آئی 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریب نئے وزیراعظم کے ذریعے کرانے کی خواہش مند ہے۔واضح رہے کہ ملکی آئین کے تحت پولنگ ڈے سے 21 دن کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا ضروری ہے۔نو منتخب قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں کامیاب ارکان پہلے دن حلف اٹھائیں گے جبکہ حلف کے بعد ڈپٹی اسپیکر اور اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ملک میں صدارتی انتخاب آئندہ ماہ ہوگا۔ صدر ممنون حسین کے عہدے کی مدت 8 ستمبر کو پوری ہو جائے گی اوراگست کے تیسرے ہفتے میں نئے صدرکا انتخاب ہوگا ۔اگست کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم ‘اسپیکر ،ڈپٹی اسپیکر چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور کابینہ تشکیل دی جائیگی جس کے بعد صدر مملکت کا انتخاب کیاجائیگا۔ عمران خان کی زیر قیادت نئی حکومت کا پہلا امتحان صدر مملکت کے انتخاب کی صورت میں سامنے آئے گا۔ صدر مملکت کے انتخاب کے بعد چاروں صوبوں کے گورنرز تبدیل کئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق نئی اسمبلیوں کے حلف کے بعد سپیکر ڈپٹی کے بعد قائد ایوان کا انتخاب ہوگا۔