نیوکراچی دھرنے میں تصادم سے تحریک لبیک کے 2 کارکن جاں بحق
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیو کراچی میں دھرنے کے دوران دوسرے گروپ سے تصادم سے تحریک لبیک کے 2 کارکن جاں بحق ،جب کہ 9افراد زخمی ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق سندھی ہوٹل کے قریب تحریک لبیک کے دھرنے کے دوران دوسرے گروپ کا جلوس گزارنے کے دوران تلخ کلامی ہوئی ،جو بڑھ کر تصادم کی صورت اختیار کرگئی اور پتھراؤ کے باعث علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ دونوں گروپس کی جانب سے ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جبکہ بعض مشتعل افراد کی جانب سے پتھراؤبھی شروع کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے تحریک لبیک کے کارکنوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے ،جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ تحریک لبیک کے 2 کارکنان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ذرائع کے مطابق اسپتال میں جاں بحق افراد کی شناخت سالہ شہباز ولد شاہد،30سالہ شاہد ولد میاں چنوں کے نام سے ہوئی۔ جبکہ زخمیوں میں 20 سالہ احمد رضا، 18 سالہ افسر، 18 سالہ محمد زبیر، 45 سالہ شاہد، 20 سالہ بلال، 25 سالہ عبدالوہاب، 25 سالہ عامر، 25 سالہ فیضان اور 22 سالہ آصف شامل ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں مزید کشیدگی پھیل گئی۔را ت گئے علاقے میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موجود تھی ۔