پانی چوری رکوانے کیلئے اینٹی کرپشن کی 7 ٹیمیں تشکیل آپریشن متوقع

0

کراچی(رپورٹ : ارشاد کھوکھر) واٹر کمیشن اور حکومت سندھ کو اندھیرے میں رکھ کر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی انتظامیہ اور پولیس نے ملی بھگت سے یومیہ لاکھوں گیلن پانی کی چوری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جسے رکوانے کے لیے اینٹی کرپشن نے بھرپور کارروائی کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔اس ضمن میں اینٹی کرپشن کی 17 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن کی جانب سے کارروائی فوری متوقع ہیں۔اس ضمن میں باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے پانی کی چوری کے متعلق موصول شدہ اطلاعات کی ابتدائی انکوائری کے بعد اس ضمن میں چھاپہ مار کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر کمیشن کے قیام کے بعد واٹر بورڈ کی انتظامیہ کچھ عرصے کے لئے محتاط ہوگئی تھی، تاہم اس کے بعد پولیس کے ساتھ ملکر مختلف مین لائنوں سے پانی چوری کر کے ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے فروخت کا سلسلہ جاری و ساری رکھا۔صوبائی مشیر اطلاعات و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پانی چوری کا نوٹس لیتے ہوئے اینٹی کرپشن حکام کو موثر کارروائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کاروبار میں واٹر بورڈ کے افسران ملوث ہیں، کیوں کہ پانی کی چوری واٹر بورڈ کے عملے اور افسران کے ملوث ہوئے بغیر ناممکن ہے کیوں کہ انہیں پتہ ہے کہ پانی کی مین لائن کہاں سے گزرتی ہیں اور کس جگہ سے انہیں توڑ کر غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے طرز پر پانی نکال کر ٹینکرز بھرے جا سکتے ہیں۔اس صورتحال سے واٹر کمیشن اور حکومت سندھ کو بھی اندھیرے میں رکھا گیا ہے۔مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں 19 سے 20 اس نوعیت کے غیر قانونی ہائیڈرینٹس بنائے گئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ سائٹ اور نارتھ ناظم آباد وغیرہ میں ہیں، جہاں سے رات کے وقت پانی چوری کر کے ٹینکرز بھرے جاتے ہیں، جس کے باعث کئی علاقوں میں پانی کی زیادہ قلت پیش آ رہی ہے۔اس ضمن میں تشکیل دی گئی اینٹی کرپشن کی ٹیموں کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کارروائی کا آغاز کرنے کا کہا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کی نگرانی اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ضلع غربی کریں گے۔صوبائی حکام نے اینٹی کرپشن کو خصوصی ٹاسک دیا ہے، کیوں کہ پانی چوری کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا ہو جاتی ہے ،جس سے عوام کے احتجاج وغیرہ کے باعث امن و امان کی صورت حال بھی پیدا ہو جاتی ہے۔ اس لئے اعلیٰ صوبائی حکام نے اینٹی کرپشن کے حکام کو اس حوالے سے بلا تفریق کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔صوبائی مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب آپریشن کو خود بھی مانیٹرکریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More