لاہور(نمائندہ امت) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مولانا مسعود اظہر کے بھتیجے سمیت مزید 3 کشمیری شہید کر دیئے ۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ کے ترال ضلع میں جھڑپ کے دوران جیش محمد کےسربراہ مولانا مسعود اظہرکا بھتیجااپنے ایک ساتھی سمیت شہید ہو گیا ،شہید نوجوان کی شناخت محمد عثمان کے بطور ہوئی ہے جبکہ ترال ہی میں ایک اورنوجوان بھی شہید کیاگیاہے جس کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اوراس موقع پر مجاہدین نے رائونڈزفائرکرکے سلامی دی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہندوستانی ایجنسیوں نے مولانا مسعود اظہر کے بھتیجے کی شہادت کو بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا ہے کہ پچھلے دس دنوں میں بھارتی فورسز پرانہی کشمیری مجاہدین نے حملے کئے ۔ادھرشہید نوجوان شوکت احمد خان کی نماز جنازہ اس کے آبائی علاقے ترال میں ادا کی گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد میں آمد کے سبب چار مرتبہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ شوکت احمد خان کو بھارتی فورسز نے ترال کے علاقے چھان قطار میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا۔نماز جنازہ کے موقع پرکشمیری مجاہدین نے اچانک نمودار ہوکر ہوائی فائرنگ کرکے شہید نوجوان کوسلامی دی۔حریت کانفرنس جموں کشمیر کے چیئرمین سید علی گیلانی،میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل ، آزادی پسند رہنماؤں ، کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ تحت گرفتاری ، املاک کو نذر آتش کرنے اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔