6 صوبائی محکموں کے سیکریٹریز سمیت16اعلیٰ افسران کی تقرری و تبادلے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے محکمہ اطلاعات، محنت، اور سروسز سمیت 6محکموں کے سیکریٹریز سمیت 16 اعلیٰ افسران کی تقرری و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جن میں دادو اور کراچی کے ضلع غربی کے ڈپٹی کمشنرز بھی شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چند ہفتے قبل ہٹائے گئے سینئر افسر نوید شیخ کو دوبارہ سیکریٹری سروسز تعینات کرکے وہاں سے اعجاز مہیسر کا سیکریٹری محکمہ لائیور اسٹاک اینڈ فشریز کے عہدے پر تبادلہ کیا گیا ہے، جہاں سے فضل الله پیچوہو کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔ تقرری کے منتظر زاہد عباسی کو سیکریٹری محکمہ بہبود آبادی تعینات کرکے وہاں سے سلیم رضا کھوڑو کا سیکریٹری محکمہ اطلاعات و آرکائیوز کے عہدے پر تبادلہ کر کے وہاں سے رشید سولنگی کا سیکریٹری محنت و افرادی قوت کے خالی عہدے پر تبادلہ کیا گیا ہے۔ تقرری کے منتظر روشن شیخ کو محکمہ مال میں ممبر آر اینڈ ایس تعینات کرکے وہاں سے ناصر عباس سومرو کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل کمشنر بے نظیر آباد زاہد میمن کا بطور ڈپٹی کمشنر ضلع غربی کراچی تبادلہ کرکے وہاں سے شازیہ عبدلله کو ایس اینڈ جی ڈی رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔ گریڈ 19 کے ایڈیشنل کمشنر ون سکھر راجہ شاہد الزماں کھوڑو کا ڈپٹی کمشنر ضلع دادو کے عہدے پر تبادلہ کر کے وہاں سے طارق منظور کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں تعینات گریڈ 20 کے افسر عبدالحفیظ عمرانی کا محکمہ خزانہ میں اسپیشل سیکریٹری کے خالی عہدے پر تبادلہ کیا گیا ہے، جبکہ گنہور لغاری کا رجسٹرار کو آپریٹو سوسائٹی کے عہدے پر تبادلہ کر کے وہاں سے بچل راہوپوٹو کا سیکریٹری سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے عہدے پر تبادلہ کر کے وہاں سے شاہ محمد شاہ کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔